نئی دہلی/ آواز دی وائس
جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی نے آج ہندوستان کی سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس (سی جے آئی) کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ سپریم کورٹ کے 52ویں چیف جسٹس بن گئے ہیں۔ ملک کے اس اہم منصب پر فائز ہونے سے پہلے انہوں نے اپنی والدہ کا آشیرواد لیا۔ حلف لینے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے اپنی والدہ کملتائی گوئی کے پاؤں چھوئے۔
جسٹس گوئی ہندوستان کے پہلے بدھسٹ چیف جسٹس ہیں۔ آزادی کے بعد وہ دلت برادری سے تعلق رکھنے والے ملک کے دوسرے چیف جسٹس ہیں۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ان کا دورِ کار چھ ماہ کا ہوگا۔ جب انہوں نے حلف لیا تو اس تاریخی لمحے کے گواہ وزیرِ اعظم نریندر مودی، راجناتھ سنگھ، جے پی نڈا، وزیر خارجہ ایس جے شنکر سمیت کئی معزز شخصیات بنیں۔
چیف جسٹس گوئی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا "ڈیئر ڈیول" ہے، جسے کوئی جھکا نہیں سکتا۔ وہ ملک کے عوام کو پوری ایمانداری سے انصاف دے گا۔
ممبئی سے دہلی تک سی جے آئی گوئی کا سفر
چیف جسٹس گوئی کا دورِ کار چھ ماہ کا ہوگا اور 23 نومبر کو 65 سال کی عمر مکمل ہونے پر وہ سبکدوش ہو جائیں گے۔ جسٹس گوئی کو 24 مئی 2019 کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا تھا۔ ان کی پیدائش 24 نومبر 1960 کو مہاراشٹر کے امراوتی میں ہوئی۔ انہیں 14 نومبر 2003 کو بمبئی ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا اور 12 نومبر 2005 کو مستقل جج بنایا گیا۔
انہوں نے 16 مارچ 1985 کو وکالت کا آغاز کیا۔ شروع میں انہوں نے بار کے راجہ ایس بھوسلے (سابق ایڈوکیٹ جنرل و ہائی کورٹ جج) کے ساتھ 1987 تک کام کیا، پھر 1987 سے 1990 تک بمبئی ہائی کورٹ میں آزادانہ پریکٹس کی۔
۔1990 کے بعد انہوں نے بنیادی طور پر بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ میں پریکٹس کی، جہاں آئینی و انتظامی قانون ان کے خاص شعبے رہے۔ وہ ناگپور میونسپل کارپوریشن، امراوتی میونسپل کارپوریشن اور امراوتی یونیورسٹی کے مستقل وکیل رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی کام، ڈی سی وی ایل جیسی مختلف خود مختار اداروں، کارپوریشنز اور ودربھ علاقے کی متعدد میونسپل کونسلوں کے لیے بھی مسلسل وکالت کی۔
جسٹس گوئی کے اہم عدالتی فیصلے
چیف جسٹس گوئی نے اپنے جج کے دور میں کئی اہم فیصلے دیے جن پر خوب بحث ہوئی۔ ان کے اہم فیصلوں میں شامل ہیں
بلڈوزر جسٹس کا مشہور فیصلہ
آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھنا
نوٹ بندی کو جائز قرار دینا
درج فہرست ذاتوں کے کوٹے میں ذیلی درجہ بندی کو برقرار رکھنا
شراب پالیسی معاملے میں کے. کویتا کو ضمانت دینا
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریوَنت ریڈی پر دو بار تنقید کرنا
یہ سب فیصلے جسٹس گوئی کی قانونی بصیرت اور انصاف پسندی کی مثال کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔