نئی دہلی
راہل گاندھی کی جانب سے ہندوستانیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ’’انتخابی چوری‘‘ کے الزامات کے بعد بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے ہفتہ کے روز انہیں ’’موقع پرست اور منافق‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں انتخابی دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے ان کے پاس ’’کوئی ثبوت نہیں‘‘ ہے۔
پونا والا نے کہا کہ راہل گاندھی ایک موقع پرست اور منافق ہیں۔ یہی راہل گاندھی کیرالہ کے انتخابی نتائج قبول کرتے ہیں، لیکن آسام اور بنگال کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرتے ہیں۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کانگریس رہنما بغیر کسی ثبوت کے ’’الزام لگا کر آگے بڑھ جانے‘‘ کی سیاست کرتے ہیں۔بی جے پی ترجمان نے کہا کہ آج تک راہل گاندھی کے پاس مہاراشٹر میں انتخابی دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ وہ صرف الزامات لگا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب راہل گاندھی نے بی جے پی پر ’’انتخابی چوری‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان ریاستوں میں انتخابات کے انعقاد پر سوال اٹھائے جہاں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔4 مئی کو راہل گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ آسام اور مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات الیکشن کمیشن آف انڈیا کی مدد سے بی جے پی نے ’’چوری‘‘ کیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ممتا بنرجی کی بات سے اتفاق کرتے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ریاست میں ’’100 سے زیادہ نشستیں چرائی گئیں‘‘۔راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آسام اور بنگال واضح مثالیں ہیں جہاں الیکشن کمیشن کی مدد سے بی جے پی نے انتخابات چرائے۔ ہم ممتا جی سے اتفاق کرتے ہیں۔ بنگال میں 100 سے زیادہ نشستیں چرائی گئیں۔
کانگریس رہنما نے مزید دعویٰ کیا کہ اس طرح کے رجحانات اس سے قبل بھی دیکھے گئے ہیں اور انہوں نے مدھیہ پردیش، ہریانہ، مہاراشٹر اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیا۔