جبل پور
سوریا کانت نے ہفتہ کے روز کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عدلیہ عام آدمی کے درد، مسائل اور امیدوں کو فوری راحت فراہم کرنے والے نظام کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتی نظام کو اُن اسپتالوں کی طرح کام کرنا چاہیے جو چوبیس گھنٹے خدمات انجام دیتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کے وقت کے ضیاع کا واحد مؤثر حل ٹیکنالوجی ہے، اور انصاف کی فراہمی کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی عدالتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
وہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جس کا موضوع تھا کہ ’ٹکڑوں سے اتحاد تک، مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم انضمام کے ذریعے انصاف کو بااختیار بنانا۔ اس موقع پر انہوں نے ہائی کورٹ کے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا افتتاح بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عدلیہ اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ نہ صرف 1990 سے ہمارے نظام کا حصہ بننے والی تکنیکی ترقیوں کا بھرپور استعمال کیا جائے بلکہ جدید ترین AI ڈیزائنز کو بھی عام لوگوں کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی اور AI پر مبنی عدالتی نظام کو مزید گہرا اور مؤثر بنانے پر غور کرنا چاہیے۔ عدالتی وقت کے ضیاع کا واحد مؤثر جواب ٹیکنالوجی ہے۔چیف جسٹس سوریا کانت نے کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب عدلیہ کو عام آدمی کی خواہشات، ضروریات، مطالبات، درد اور تکلیف کا فوری امدادی نظام کے ذریعے جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے عدلیہ کو اُن اسپتالوں کی طرح کام کرنا ہوگا جو 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔
کووڈ 19 کا ذکر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ مشکل وقت میں آئینی فرائض انجام دینے پر ہندوستانی عدلیہ کی عالمی سطح پر تعریف کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی عدالتیں بند نہیں کیں،‘‘ اور بتایا کہ کس طرح ٹیکنالوجی کی مدد سے وبا کے دوران عدالتوں میں فوری سماعتیں جاری رہیں۔
انہوں نے عدالتی نظام میں تکنیکی ترقیوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انصاف کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تیار کرنے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسا کہ مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے بھی کہا ہے، ان تکنیکی ترقیوں کو پورے ہندوستان میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس کے مطابق، سپریم کورٹ آف انڈیا نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو اس بات پر غور کر رہی ہے کہ عدالتی نظام، خاص طور پر مقدمات کے جلد تصفیے کے لیے، AI کا کس طرح فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو اور مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو سبر وال نے بھی خطاب کیا۔