جے پی نڈا: سی جے پی سے بات چیت مثبت رہی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2026
جے پی نڈا: سی جے پی سے بات چیت مثبت رہی
جے پی نڈا: سی جے پی سے بات چیت مثبت رہی

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے منگل کے روز کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے وفد سے ملاقات کے بعد کہا کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور "سب کچھ ٹھیک رہا"۔ این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کی "منگل ملن" میٹنگ میں شرکت کے لیے پہنچنے پر صحافیوں کے سوال کے جواب میں نڈا نے مختصر طور پر کہا، "بات چیت اچھی رہی، ہمیشہ اچھی رہتی ہے۔"

پیر کے روز نیٹ-یو جی 2026 کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف احتجاج کے دوران ہزاروں مظاہرین نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا تھا۔ اسی پس منظر میں جے پی نڈا نے اپنے رہائش گاہ پر سی جے پی کے قومی ترجمان آشوتوش رانکا اور چیف ترجمان سورَو داس سے ملاقات کی۔

سورَو داس نے بتایا کہ وفد نے جے پی نڈا کے سامنے تین اہم مطالبات رکھے، جن میں دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ، نیٹ امیدواروں میں جان گنوانے والے 20 سے زائد طلبہ کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور اسپتال میں زیر علاج سماجی کارکن سونم وانگچک کی فوری رہائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دھرمیندر پردھان استعفیٰ نہیں دیتے، احتجاج جاری رہے گا۔

آشوتوش رانکا نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ وفد نے دھرمیندر پردھان کو فوری طور پر برطرف یا مستعفی کیے جانے کا مطالبہ حکومت تک پہنچا دیا ہے۔ ان کے مطابق وزیر نے یقین دلایا کہ وہ ان مطالبات پر مناسب سطح پر بات کریں گے، تاہم ابھی تک کوئی حتمی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن مظاہرین اپنے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ جے پی نڈا نے بھی ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پہلی بار احتجاجی منتظمین نے خود حکومت سے مذاکرات کی پیشکش کی۔ ان کے مطابق صبح 11:50 بجے سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا، ابتدائی مرحلے میں تفصیلی زبانی گفتگو ہوئی اور شام تقریباً 4 بجے وفد نے انہیں تحریری یادداشت بھی پیش کی۔

انہوں نے تمام مظاہرین سے دھرنا ختم کرنے اور معمولات بحال کرنے میں انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی۔ دہلی پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران جھڑپوں میں 118 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں کئی اعلیٰ افسران اور خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 60 مظاہرین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔