جے این یو : یو جی سی کو لے کر ہنگامہ، پولس اور طلباء میں جھڑپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-02-2026
جے این یو : یو جی سی کو لے کر ہنگامہ، پولس اور طلباء میں جھڑپ
جے این یو : یو جی سی کو لے کر ہنگامہ، پولس اور طلباء میں جھڑپ

 



دہلی
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین (جے این یو ایس یو) کے کئی اراکین کو جمعرات کی دوپہر اس وقت حراست میں لے لیا گیا، جب انہوں نے وزارتِ تعلیم کی جانب احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش کی۔ جے این یو ایس یو نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی صدر ادیتی مشرا، سابق جے این یو ایس یو صدر نتیش کمار اور کئی دیگر مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (جے این یو ٹی اے) کے صدر سرجیت مجومدار اور سکریٹری میناکشی سندریال نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جے این یو کے طلبہ کے خلاف طاقت کے استعمال اور جے این یو ایس یو کے دو عہدیداروں سمیت کئی طلبہ کی حراست کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔ جے این یو ٹی اے نے تمام حراست میں لیے گئے طلبہ کی فوری رہائی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔
طلبہ جمعرات کی دوپہر کیمپس میں واقع سابر متی ٹی پوائنٹ پر جمع ہوئے اور تختیاں اور بینر اٹھائے گروہوں کی صورت میں آگے بڑھنے لگے۔ جب انہوں نے ریلی کو کیمپس سے باہر لے جانے کی کوشش کی تو یونیورسٹی کے گیٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔ منتظمین کے مطابق مارچ کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مبینہ ادارہ جاتی نظراندازی کو اجاگر کرنا تھا۔ احتجاج کے دوران جے این یو ایس یو اور اے بی وی پی کے درمیان پتھراؤ اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آئے۔
جے این یو ایس یو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے قواعد پر سختی سے عمل درآمد کے مطالبے کو لے کر احتجاج کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ‘روہت ویمولا ایکٹ’ بنانے، عوامی اداروں کے لیے فنڈنگ میں اضافہ کرنے اور 16 فروری کو ایک پوڈکاسٹ میں مبینہ ذات سے متعلق تبصرہ کرنے پر جے این یو کے وائس چانسلر کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس وقت جے این یو میں کشیدگی کی صورتحال ہے اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اس تنازع سے بی جے پی کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔