رانچی: جھارکھنڈ میں تقرری کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ نے جمعرات کو ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ ریاستی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن ان کا اصرار ہے کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ساتھ ہونے والی بات چیت میڈیا کی موجودگی میں کھلے عام ہو اور بند کمرے میں نہ کی جائے۔جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن اور جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن سی جی ایل سمیت دیگر مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف رانچی میں احتجاج بدستور جاری ہے۔ دوسری جانب ریاستی حکومت نے بھی طلبہ سے بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
ایک احتجاجی طالب علم نے کہا کہ بدھ کی شب ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ طلبہ کا ایک وفد حکومت سے ملاقات کرے گا تاہم مذاکرات کا وقت ابھی طے نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایک اور شرط یہ ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ کھلے اسٹیج پر براہ راست میڈیا کے سامنے آ کر ہم سے بات کریں تو مسئلے کا مناسب حل نکل سکتا ہے۔ گزشتہ احتجاج کے دوران بھی ہمارے نمائندوں کو ایک بند کمرے میں لے جایا گیا تھا لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اب بھی صرف پانچ رکنی وفد کو بلا کر تحریک کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایک دوسرے طالب علم نے کہا کہ چار یا پانچ رکنی وفد بھیجنے پر اتفاق ہو گیا ہے لیکن بند کمرے میں ہونے والے مذاکرات قابل قبول نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو طلبہ کے مطالبات پریس اور میڈیا کے سامنے سننے چاہئیں اور جو بھی یقین دہانیاں وہ دینا چاہتے ہیں وہ عوامی طور پر دیں۔ گزشتہ 26 برس سے جھارکھنڈ میں طلبہ کے مسائل بند کمروں میں سنے جاتے رہے ہیں اور فائلیں ہمیشہ کے لیے بند ہو جاتی ہیں۔
طلبہ رہنما رویندر پاسوان نے بتایا کہ سب ڈویژنل افسر کے ذریعے حکومت کا پیغام موصول ہونے کے بعد طلبہ نے مثبت جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے اور ہم نے بھی اپنی آمادگی سے آگاہ کر دیا ہے۔ ایک جمہوری ملک میں بات چیت ہی مسائل کے حل کا بہترین راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ نے حکومت کے سامنے دو اہم شرائط رکھی ہیں۔ پہلی یہ کہ مذاکرات براہ راست وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہوں اور ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ خود موجود ہوں گے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ کم از کم دو میڈیا نمائندے بھی مذاکرات میں شریک ہوں۔ سب ڈویژنل افسر نے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے پہلے وفد کے ارکان کے نام دے دیے جائیں جس کے بعد ملاقات کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جائے گا۔
ادھر جھارکھنڈ کے وزیر عرفان انصاری نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے دروازے کھول دیے ہیں اور طلبہ کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ہم طلبہ کی بات سنیں گے اور اگر ان کے مطالبات معقول ہوئے تو ضرور قبول کیے جائیں گے۔ یہ ہمارے اپنے طلبہ اور ہمارے بچے ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کا بھی الزام عائد کیا۔
ریاستی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس مسئلے کے حل کے لیے مثبت رویہ اختیار کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے طلبہ سے اپنے نمائندوں کے نام طے کرنے کو کہا ہے تاکہ حکومتی نمائندے ان سے بات چیت کر سکیں کیونکہ مسائل کا حل مذاکرات ہی سے ممکن ہے۔تاہم ریاست کے وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے واضح کیا کہ مذاکرات کے لیے کوئی باقاعدہ کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیپیکا پانڈے سنگھ سودیویا کمار سونو سنجے پرساد یادو اور چمرا لنڈا پر مشتمل وزرا کا گروپ صرف احتجاج کی نگرانی کے لیے بنایا گیا ہے۔ اسے براہ راست مذاکرات کی ذمہ داری نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیر اعلیٰ طلبہ کے مسائل کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور ان کے مفاد میں اقدامات کریں گے جبکہ اب یہ طلبہ پر منحصر ہے کہ وہ کب اور کس طریقے سے حکومت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔