حجاب تنازع پر جاوید اختر نے نتیش کمار پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-12-2025
حجاب تنازع پر جاوید اختر نے نتیش کمار پر تنقید کی
حجاب تنازع پر جاوید اختر نے نتیش کمار پر تنقید کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار گزشتہ کافی عرصے سے خبروں میں ہیں۔ دراصل، ایک پروگرام کے دوران جب وہ آیوش ڈاکٹروں کو تقرری کے خطوط دے رہے تھے، تو انہوں نے ایک خاتون ڈاکٹر کے چہرے سے حجاب ہٹانے کی کوشش کی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ اس کے بعد ثناء خان، راکھی ساونت سمیت کئی مشہور شخصیات نے اس کی مذمت کی اور نتیش کمار سے معافی کا مطالبہ کیا۔ اب اس معاملے پر معروف نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر کا بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر نے اس سیاست دان پر تنقید کی اور اس حرکت کو نامناسب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص مذہب پر یقین نہیں رکھتا یا ناستک ہے، تب بھی اسے دوسروں کی بے عزتی کرنے کا حق حاصل نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ کو معلوم تھا کہ وہ اس حرکت کے بعد بھی بچ جائیں گے۔ انہوں نے کسی ہندو خاتون کا گھونگھٹ ہٹانے کی ہمت نہیں کی ہوگی۔
جاوید اختر نے کیا کہا؟
نغمہ نگار نے کہا کہ ممکن ہے میں ناستک ہوں، میں مذہب پر یقین نہیں رکھتا۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ مجھے جا کر لوگوں کو مندروں، مسجدوں اور گرجا گھروں سے باہر نکال دینا چاہیے؟ کیا مجھے ایسا کرنا چاہیے؟ یا کسی اور کو ایسا کرنا چاہیے؟ آپ اس کی مخالفت کر سکتے ہیں، آپ اپنی وجہ بتا سکتے ہیں اور آپ کو پوری کوشش کرنی چاہیے کہ لوگ آپ کی طرح سوچیں اور سمجھیں کہ آپ کیا کہنا چاہتے ہیں، لیکن آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ خاص طور پر ایک عورت کے ساتھ چاہے وہ مسلمان عورت نہ بھی ہو تب بھی ایک عورت کے ساتھ۔
جاوید اختر نے آگے کہا کہ ہندوستان میں آج بھی کئی ایسے علاقے ہیں جہاں ہندو عورتیں روایت کے طور پر گھونگھٹ پہنتی ہیں۔ کیا آپ جا کر ان کا گھونگھٹ ہٹائیں گے؟ آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ کوئی بھی ایسا کیسے کر سکتا ہے؟
واضح رہے کہ جاوید اختر طویل عرصے سے برقع اور حجاب کے خلاف بولتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورت پر ایسے اصول مسلط کرنا افسوسناک ہے، لیکن اس کے باوجود یہ کسی کو نتیش کمار جیسا رویہ اختیار کرنے کا حق نہیں دیتا۔ آخر میں جاوید اختر نے کہا کہ یہ تنازع مذہب کے بارے میں نہیں، بلکہ ایک عورت کی عزت اور حقوق کے بارے میں ہے۔ نغمہ نگار نے کہا کہ میں کسی بھی مہذب انسان سے جاننا چاہتا ہوں، جس کے دل میں خواتین کی عزت کے لیے ذرا سا بھی احترام ہو—چاہے وہ یہودی ہو، پارسی ہو، ہندو ہو، بدھ ہو یا کوئی بھی ہو اگر وہ ایک مہذب انسان ہوتا تو اس کا ردِعمل کیا ہوتا؟ اس لیے یہ ہندو اور مسلمان کا مسئلہ نہیں ہے۔
اختر نے مزید کہا کہ اگر نتیش کمار میں ذرا سی بھی شائستگی ہے تو انہیں معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ انہوں نے ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی ہے۔