جن شکتی جنتا دل بہار میں 10-15 سیٹیں جیتے گی: تیج پرتاپ یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-11-2025
جن شکتی جنتا دل بہار میں 10-15 سیٹیں جیتے گی: تیج پرتاپ یادو
جن شکتی جنتا دل بہار میں 10-15 سیٹیں جیتے گی: تیج پرتاپ یادو

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
جن شکتی جنتا دل کے سربراہ اور مہوا سیٹ سے امیدوار تیج پرتاپ یادو نے پیر کے روز کہا کہ ان کی پارٹی بہار اسمبلی انتخابات میں 10 سے 15 نشستیں جیتے گی۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ ہم جیتیں گے۔ ہماری پارٹی 10 سے 15 سیٹیں حاصل کرے گی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ریاست میں حکومت کون بنائے گا تو انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ ہمیں 14 نومبر کو پتہ چل جائے گا، جب نتائج آئیں گے۔ میں عالم الغیب نہیں ہوں، اس لیے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اس سے قبل، 9 نومبر کو انہوں نے کہا تھا کہ ریاست میں حکومت میں تبدیلی آنے والی ہے۔
 تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ انتخابی مہم بہت زبردست رہی ہے۔ اس بار تبدیلی یقینی ہے۔ تیج پرتاپ یادو کی سیکیورٹی میں حال ہی میں اضافہ کیا گیا ہے، کیونکہ ان کی جان کو مبینہ خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کئی لوگ انہیں مروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ میری سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے کیونکہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔ بہت سے دشمن ہیں جو اس سازش میں مصروف ہیں۔ تیج پرتاپ یادو کو رواں سال کے آغاز میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سے نکال دیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی نئی سیاسی جماعت ’’جن شکتی جنتا دل‘‘ قائم کی اور مہوا سے اپنی پارٹی کے نشان پر انتخاب لڑا، جہاں 6 نومبر کو پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی۔
پہلے مرحلے میں تاریخی ووٹر ٹرن آؤٹ کے بعد دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو 122 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں مشرقی چمپارن کی 11، مدھوبنی اور گیا کی 10-10، مغربی چمپارن کی 9، سیتامڑھی کی 8، جبکہ بھاگلپور، روہتاس، پورنیہ اور کٹیہار کی 7-7 اسمبلی نشستیں شامل ہیں۔ ارریہ اور اورنگ آباد کی 6-6 اسمبلی نشستوں پر بھی ووٹنگ ہوگی۔
ان 122 اسمبلی حلقوں میں سے 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، آر جے ڈی نے 33 سیٹیں جیتیں، جنتا دل (یونائیٹڈ) کو 20، کانگریس کو 11، اور بائیں بازو کی جماعتوں کو مجموعی طور پر 5 نشستیں ملی تھیں۔ اس مرحلے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی کابینہ کے 12 وزراء کی قسمت کا بھی فیصلہ ہوگا۔ ان میں جے ڈی(یو) کے رہنما وجیندر یادو (سپول)، لیسی سنگھ (دھم دَہا)، جینت کوشواہا (امراپور)، سُمِت سنگھ (چکئی)، محمد جما خان (چین پور)، اور شیلا منڈل (پھول پرَس) شامل ہیں۔
بی جے پی کے اہم وزراء جو انتخابی میدان میں ہیں ان میں پریم کمار (گیا ٹاؤن)، رینو دیوی (بیتیا)، وجے کمار منڈل (سکتھی)، نتیش مشرا (جھنجھارپور)، نیراج ببلو (چھٹا پور)، اور کرشن نندن پاسوان (ہر سدھی) شامل ہیں۔