نئی دہلی
کشتواڑ ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اتوار تک علاقے میں شدید بارش، گرج چمک، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کا انتباہ جاری کیا ہے۔
ایڈوائزری میں عوام، بالخصوص دریاؤں کے کنارے رہنے والے افراد سے احتیاط برتنے اور حساس علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق، ضلع میں عموماً ابر آلود موسم رہنے اور مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں شدید بارش، مختصر وقت میں موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ موسمی حالات کے باعث حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور زمین دھنسنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ایڈوائزری میں خاص طور پر آبی ذخائر، دریاؤں، نالوں اور کھڈوں کے اطراف رہنے والے افراد کو ان مقامات سے دور رہنے اور موسم معمول پر آنے تک تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔