جموں: جموں و کشمیر پولیس نے جموں میں ایک نجی ٹورنامنٹ کے دوران اپنے ہیلمٹ پر فلسطینی پرچم (علامتی نشان) لگا کر کھیلنے والے جنوبی کشمیر کے ایک کرکٹ کھلاڑی کے خلاف ابتدائی جانچ کے احکامات دیے ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے یہ جانکاری دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، پلوامہ کے تانگی پورہ کے رہائشی کرکٹ کھلاڑی فرقان الحق کی ایک ویڈیو اور کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھیں۔ وہ جمعرات کے روز جموں کے متھی علاقے میں واقع ’کے سی ڈور‘ میدان میں کھیلی جا رہی ’جموں و کشمیر چیمپئنز لیگ‘ کے دوران اپنے ہیلمٹ پر فلسطینی پرچم (علامتی نشان) لگائے ہوئے نظر آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کی حساسیت اور عوامی نظم و نسق پر اس کے ممکنہ اثرات کو دیکھتے ہوئے ڈومانہ پولیس تھانے میں بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 173(3) کے تحت 14 دن کی ابتدائی جانچ شروع کی گئی ہے۔ اس جانچ کے ذریعے کھلاڑی کے ارادوں اور کسی بھی ممکنہ تعلق کا پتہ لگایا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 29 دسمبر کو جموں میں ہوا تھا۔
ادھر، جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک نجی ٹورنامنٹ ہے اور اس کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تنازعات میں گھِرنے والی دوسری نجی کرکٹ لیگ ہے۔ اس سے پہلے نومبر میں ’انڈین ہیون پریمیئر لیگ‘ (آئی ایچ پی ایل) کے منتظمین مبینہ طور پر دھوکہ دہی کر کے فرار ہو گئے تھے۔