جموں
حکام نے ہفتہ کے روز بتایا کہ جموں کے مضافاتی علاقے میں ایک پرانے پل کے جزوی طور پر گرنے کے بعد 12 گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو کارکنوں نے ملبے سے تین لاشیں اور ایک زخمی شخص کو نکال لیا۔یہ واقعہ جمعہ کے روز بنتلاب کے تھوٹر علاقے میں پیش آیا، جہاں پل کا ایک حصہ اچانک گر گیا تھا۔ حادثے کے فوراً بعد ایک زخمی مزدور کو بچا لیا گیا تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چوہدری آدھی رات کو موقع پر پہنچے اور دو انجینئروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔حکام کے مطابق مزدور اس پل پر ریٹیننگ وال اور بنیاد ڈالنے کا کام کر رہے تھے، جو گزشتہ سال سیلابی ریلوں سے متاثر ہوا تھا، کہ اسی دوران پل کا ایک حصہ گر گیا اور چار مزدور ملبے میں پھنس گئے۔
پولیس، فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور فائر و ایمرجنسی محکمے نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سب سے پہلے ایک مزدور کو نکالا جس کی شناخت ترسیم لال کے طور پر ہوئی۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سرچ اور ریسکیو آپریشن آج صبح مکمل ہوا۔ موقع سے تین لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق لاشیں 12 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران برآمد کی گئیں، جو رات بھر فلڈ لائٹس کی روشنی میں جاری رہا۔زخمیوں میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈویژنل فائر آفیسر محمد جعفر بھی شامل ہیں، جو ریسکیو آپریشن کے دوران ایک بڑے پتھر لگنے سے زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ چوہدری کو آدھی رات کو موقع پر پہنچنے کے بعد واقعے کی مکمل بریفنگ دی گئی۔انہوں نے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یں نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور جونیئر انجینئر کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ چیف انجینئر کو ایگزیکٹو انجینئر کے اٹیچمنٹ کی ہدایت بھی دی ہے۔چوہدری نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پانچ دن کے اندر رپورٹ مکمل کی جائے۔حکام کے مطابق اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ساحل ورما اور جونیئر انجینئر سجاد میر کو ان کے رویے کی تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی ہے، جس کی سربراہی پرشوتم کمار، سیکریٹری ٹیکنیکل (چیف انجینئر) محکمۂ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) کریں گے۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر، محکمۂ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) سرکل جموں ساؤتھ، ارت گپتا اور ایگزیکٹو انجینئر، محکمۂ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) ستواری ڈویژن، راجن مینگی شامل ہیں۔