جموں و کشمیر: لشکر کے اعلیٰ کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-05-2025
جموں و کشمیر: لشکر کے اعلیٰ کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک
جموں و کشمیر: لشکر کے اعلیٰ کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

 



نئی دہلی/ آوازدی وائس
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر جاری فوجی تصادم کے بعد اب سیزفائر ہو چکا ہے اور وہاں امن قائم ہے، لیکن جموں و کشمیر کی وادیٔ کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں کوئی خاص کمی نہیں آئی ہے۔ وادی کے شوپیاں ضلع میں آج منگل کے روز سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان انکاؤنٹر میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ اس انکاؤنٹر میں لشکرِ طیبہ کے آپریشنل کمانڈر سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے شوکرُو کیلر علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کا فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ کچھ دیر کی جھڑپ کے بعد تین دہشت گرد مارے گئے۔
کئی وارداتوں میں ملوث تھا دہشت گرد شاہد
ذرائع کے مطابق مارے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق لشکرِ طیبہ سے تھا۔ ان میں دو کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ ایک کی شناخت تاحال باقی ہے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ انکاؤنٹر میں لشکرِ طیبہ کا آپریشنل چیف کمانڈر شاہد کُٹّے ہلاک ہو گیا۔ شاہد کُٹّے، جو شوپیاں ضلع کے ہی ہرپورہ علاقے کا رہائشی تھا، محمد یوسف کُٹّے کا بیٹا تھا۔ وہ 8 مارچ 2023 کو لشکر میں شامل ہوا تھا اور کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ شاہد گزشتہ سال 8 اپریل کو ڈینش ریزورٹ پر ہونے والی فائرنگ میں ملوث تھا جس میں دو جرمن سیاح اور ایک ڈرائیور زخمی ہوئے تھے۔
بی جے پی سرپنچ کے قتل میں بھی تھا شامل
صرف یہی نہیں، بلکہ وہ 18 مئی 2024 کو شوپیاں کے ہرپورہ میں ہونے والے ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرپنچ کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ اس کے علاوہ، اس پر شبہ ہے کہ وہ رواں سال 3 فروری کو کولگام کے بیہی باغ علاقے میں ایک سابق فوجی کے قتل میں بھی ملوث تھا، جہاں حملے میں ایک سابق فوجی ہلاک اور اس کی بیوی اور بھتیجی زخمی ہوئی تھیں۔
شوپیاں انکاؤنٹر میں مارے گئے دوسرے دہشت گرد کی شناخت عدنان شفیع ڈار، ولد محمد شفیع ڈار کے طور پر ہوئی ہے، جو شوپیاں کے میل ہورا علاقے کا رہائشی تھا۔ ذرائع کے مطابق وہ 18 اکتوبر 2023 کو لشکر میں شامل ہوا تھا اور اسی دن اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شوپیاں کے واچی علاقے میں ایک غیر مقامی مزدور کو قتل کیا تھا۔ مارے گئے تیسرے دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔