جموں: جموں میں سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس شیش پال وید نے آپریشن سندور کی پہلی برسی پر بھارتی فوج کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دنیا بھر میں بھارت کو ایک سپر پاور کے طور پر نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی 2025 کو بھارت نے پاکستان کے اندر موجود 9 دہشت گرد تربیتی مراکز پر انتہائی درست حملے کیے، جن میں کسی شہری یا اضافی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کے مطابق، پاکستان نے جواباً بھارتی شہری اور فوجی علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارت نے 9 مئی کو کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے تقریباً 11 یا 12 فضائی اڈوں کو تباہ کیا۔ شیش پال وید نے دعویٰ کیا کہ براہموس میزائل کے سامنے پاکستان بے بس ہوگیا اور عالمی دفاعی ماہرین بھی بھارتی کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مسلح افواج کو مکمل اختیار دینے کے باعث ممکن ہوا۔ دوسری جانب دفاعی ماہر لیفٹیننٹ جنرل راکیش شرما نے پہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور نے پاکستان کو سخت پیغام دیا۔
ان کے مطابق بھارتی افواج نے صرف چار دن میں پاکستان کو “گھٹنے ٹیکنے” پر مجبور کر دیا۔ آپریشن سندھور، 7 مئی 2025 کو پہلگام حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد بھارتی افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گرد تنظیموں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بھارت کے مطابق اس کارروائی میں لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد اور حزب المجاہدین کے مراکز تباہ کیے گئے اور 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
اسی موقع پر بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی آپریشن سندھور کی برسی پر بھارتی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن “قومی عزم، تیاری اور جدید فوجی حکمتِ عملی” کی ایک مضبوط مثال ہے۔