جامع مسجد : پابندی سیر و تفریح پر ہے خواتین کی نماز پر نہیں

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-11-2022
جامع مسجد : پابندی سیر و تفریح پر ہے خواتین کی  نماز پر نہیں
جامع مسجد : پابندی سیر و تفریح پر ہے خواتین کی نماز پر نہیں

 

 

آواز دی وائس : منصور الدین فریدی

دلی کی تاریخی شاہجہانی جامع مسجد میں داخلہ کے تعلق سے ایک نئے حکم یا پابندی نے تنازعہ  پیدا کردیا ہے ۔ جس کے تحت جامع مسجد میں پرانی دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں اب اکیلے لڑکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے لیے جامع مسجد انتظامیہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے اور مسجد کے گیٹ پر تختیاں  لگا دی گئی ہیں، جس میں لکھا گیا ہے کہ لڑکیوں کا اکیلے مسجد میں داخلہ ممنوع ہے۔ یہ تختیاں  تینوں دروازوں پر ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ اقدام اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ یہاں لڑکیاں آتی ہیں اور میوزک ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی ہیں۔

مسجد میں خواتین کی نماز پر پابندی نہیں۔ شاہی امام بخاری

دوسری جانب جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے واضح کیا ہے کہ نماز پڑھنے آنے والی خواتین کو نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات ہیں کہ لڑکیاں اپنے بوائے فرینڈز کے ساتھ مسجد آتی ہیں۔ اسی لیے ایسی لڑکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ اگر کوئی خاتون جامع مسجد آنا چاہتی ہے تو اسے اپنے خاندان یا شوہر کے ساتھ آنا ہوگا۔ اگر وہ نماز پڑھنے آئے تو اسے نہیں روکا جائے گا۔

 مسجد کا تقدس اہم ہے ۔ پروفیسر اختر الواسع

 ممتاز دانشور  اور اسلامی اسکالر  پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ اگر مسجد میں لڑکیوں کو نماز کے لیے روکا جاتا تو غلط ہوتا لیکن اگر کسی اور سرگرمی کے لیے روکا گیا ہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا اور سمجھنا ہوگا کہ مسجد سیر و تفریح کی جگہ نہیں ہے ۔ اگر کوئی مسجد کا تقدس پامال کرتا ہے تو اس کو روکنا غلط نہیں ہے۔کسی ناخوشگوار واقعہ سے بہتر احتیاط ہے ۔

awazurdu

دہلی خواتین کمیشن نے کہا کہ فیصلہ غلط ہے

دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال نے کہا ہے کہ جامع مسجد میں خواتین کے داخلے پر روک لگانا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جامع مسجد کے امام کو نوٹس دینے جارہی ہیں۔ مالیوال نے ٹویٹ کیا، 'جامع مسجد میں خواتین کے داخلے کو روکنے کا فیصلہ بالکل غلط ہے۔ جتنا مرد کو عبادت کا حق ہے اتنا ہی عورت کو بھی۔ میں جامع مسجد کے امام کو نوٹس جاری کر رہا ہوں۔ خواتین کے داخلے پر اس طرح پابندی لگانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔

خواتین کے مسجد میں داخلے پر اسلام کیا کہتا ہے

بیشترمسلم مذہبی رہنماؤں کے مطابق اسلام عبادت کے معاملے میں مردوں اور عورتوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کرتا۔ عورتوں کو عبادت کا اتنا ہی حق ہے جتنا کہ مردوں کا۔ مکہ، مدینہ اور یروشلم کی مسجد الاقصیٰ میں بھی خواتین کے داخلے پر پابندی نہیں ہے۔ تاہم ملک کی کئی مساجد میں خواتین کے داخلے پر پابندی ہے۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی زیر سماعت ہے۔ اسے پونے کے ایک مسلم جوڑے یاسمین زبیر پیرزادے اور ان کے شوہر زبیر احمد پیرزادے نے دائر کیا ہے

پی آئی ایل میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر کی مساجد میں خواتین کے داخلے کی اجازت دی جائے کیونکہ ان کے داخلے پر پابندی لگانا 'غیر آئینی' ہے۔ 'برابری کے حق' اور 'صنفی انصاف' کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بعض مساجد میں خواتین کے لیے نماز پڑھنے کے لیے الگ جگہ ہے لیکن ملک کی بیشتر مساجد میں یہ سہولت نہیں ہے

اسلام خواتین کو مسجد جانے سے نہیں روکتا: پرسنل لا بورڈ

ایم پی ایل بی جنوری 2020 میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اسلام نہ تو خواتین کو مسجد میں جانے سے روکتا ہے اور نہ ہی نماز پڑھنے سے۔ تاہم، اس نے مزید کہا کہ اسلام خواتین کو جمعہ کی نماز میں شرکت کا حکم نہیں دیتا اور بورڈ مساجد پر کوئی اصول نہیں لگا سکتا۔

زیادہ تر مسلمان علماء بھی مساجد میں خواتین کے داخلے کی حمایت کرتے ہیں۔ چند سال قبل جب مساجد میں خواتین کے داخلے کا معاملہ خبروں میں تھا تو معروف سنی عالم مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا تھا کہ اسلام خواتین کو مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کی بڑی تعداد مساجد میں نماز ادا کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ خواتین حیض کے دوران مسجد میں داخل نہیں ہو سکتیں۔

یہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد  پہلے جامع مسجد کے ترجمان صبیح اللہ نے س فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت سے ایسے جوڑے جامع مسجد میں آتے ہیں جن کا رویہ مذہب کے مطابق نہیں ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ یہاں کچھ نوجوان خواتین بھی سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے آتی ہیں، جو جائے نماز پر آتی ہیں، جس کی وجہ سے نمازیوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے اندر ویڈیو نہ بنانے کے پیغامات بھی لکھے گئے ہیں۔ان  کا کہنا ہے کہ یہاں کئی بار ایسے لڑکے اور لڑکیاں دیکھے گئے ہیں جو ٹک ٹاک کو شوٹ کرتے ہیں، مضحکہ خیز حرکتیں کرتے ہیں۔ ایسے واقعات کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ فیصلہ لینا پڑا۔