نئی دہلی
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ جے رام رمیش نے جمعہ کے روز اس بات پر ناراضی کا اظہار کیا کہ ساؤتھ بلاک کا ایجنڈا واشنگٹن کے پلیٹ فارمز سے نشر کیا جا رہا ہے۔ ان کا یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے روایتی سفارتی ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر کے ہندوستان کے مجوزہ دورے کی تصدیق کر دی، حالانکہ اس حوالے سے نہ تو نئی دہلی اور نہ ہی کاراکاس کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں جے رام رمیش نے کہا کہ مارکو روبیو کی جانب سے دی گئی یہ معلومات محض ایک پریشانی نہیں بلکہ ایک بڑے اور تشویشناک رجحان کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو شام 5 بج کر 37 منٹ پر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے سب سے پہلے ’آپریشن سندور‘ کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔ کل ایک بار پھر مارکو روبیو ہی وہ پہلی شخصیت تھے جنہوں نے یہ اعلان کیا کہ وینزویلا کے صدر اگلے ہفتے ہندوستان کا دورہ کریں گے، جبکہ اس وقت تک نہ ہندوستان اور نہ ہی وینزویلا نے اس حوالے سے کوئی اشارہ دیا تھا اور نہ ہی باضابطہ تصدیق کی تھی۔
یہ دورہ دراصل وینزویلا کے سربراہِ مملکت کی انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) کے پہلے سربراہی اجلاس میں بطور ’’مہمانِ خصوصی‘‘ شرکت کے لیے متوقع تھا، تاہم اب یہ پروگرام منسوخ ہو چکا ہے۔وزارتِ ماحولیات نے جمعرات کی رات تصدیق کی کہ یکم اور دو جون کو منعقد ہونے والا یہ سربراہی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق اس فیصلے کی وجہ جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا میں بنڈی بوگیو وائرس (ایبولا) کے تیزی سے پھیلتے ہوئے کیسز ہیں۔افریقی یونین کے ساتھ مشاورت کے بعد کیے گئے اس فیصلے نے یہ واضح کر دیا ہے کہ عالمی صحت کے اس بحران نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے اعلیٰ سطحی وفود کی آمد کو عملی طور پر ناممکن بنا دیا ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ وینزویلا کے صدر اگلے ہفتے نئی دہلی میں ہونے والی انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے تھے، لیکن افریقہ میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث اب یہ پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اعلان کے وقت اور انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے کانگریس کے اس سینئر رہنما نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر امریکی اثر و رسوخ کی سطح پر بھی سوالات کھڑے کیے۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرِ خارجہ کے پاس ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے لیے اور کیا کیا منصوبے موجود ہیں؟
جے رام رمیش کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا کہ واشنگٹن، نئی دہلی کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے سرگرم کوششیں کر رہا ہے۔
روبیو نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ان کی آئندہ سرکاری دورۂ ہندوستان کے دوران اس اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔اس اعلیٰ سطحی دورے کے تحت مارکو روبیو 23 سے 26 مئی تک کولکتہ، آگرہ، جے پور اور نئی دہلی سمیت متعدد اہم شہروں کا دورہ کریں گے۔
عالمی سطح پر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو سراہتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔سویڈن اور ہندوستان کے دورے پر روانگی سے قبل میامی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ ہم ہندوستان کو اتنی توانائی فروخت کرنا چاہتے ہیں جتنی وہ خریدنا چاہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، اس وقت امریکہ کی پیداوار اور برآمدات تاریخی سطح پر ہیں۔
ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی توانائی کے پیچیدہ معاملات میں اس کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز بھی اگلے ہفتے ہندوستان کا دورہ کرنے والی ہیں، جس سے تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔روبیو نے کہا، ’’میری معلومات کے مطابق وینزویلا کی قائم مقام صدر بھی اگلے ہفتے ہندوستان آ رہی ہیں۔ ایسے میں مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہمارے پاس ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔
امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ واشنگٹن مختلف بین الاقوامی ذرائع کے ذریعے ہندوستان کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ساتھ ہی انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی توانائی منڈی پر پڑنے والے دباؤ سے نمٹنے میں نئی دہلی کے فعال کردار کی بھی تعریف کی۔
روبیو نے کہا کہ ہم اس شعبے میں مزید بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم پہلے ہی ہندوستان کے ساتھ توانائی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے توانائی کے پورٹ فولیو کا ایک بڑا حصہ بنے۔ اس کے علاوہ ہمارا ماننا ہے کہ وینزویلا کے تیل کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔