جئے پور/ آواز دی وائس
راجستھان کے جئے پور میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مزدوروں کو لے جانے والی ایک بس ہائی ٹینشن لائن کے تاروں کی زد میں آ گئی۔ حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ دس سے زیادہ مزدور جھلس گئے۔
یہ واقعہ جئے پور دیہی علاقے کے منوہر پور میں پیش آیا، جہاں مزدوروں سے بھری بس میں اچانک کرنٹ دوڑ گیا۔ ہائی ٹینشن تاروں کو چھونے کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں جھلسے ہوئے مزدوروں کو شدید زخمی حالت میں شاہ پورہ کے ذیلی ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جبکہ پانچ مزدوروں کو نازک حالت کے باعث جئے پور ریفر کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بس مزدوروں کو ٹوڈی علاقے کے اینٹ بھٹے پر لے جا رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی منوہر پور تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ بس اتر پردیش سے مزدوروں کو لے کر منوہر پور کے ٹوڈی واقع اینٹ بھٹے کی طرف آ رہی تھی۔ راستے میں جب بس ایک اونچے علاقے سے گزری تو 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی لائن کے رابطے میں آ گئی۔ اس کے نتیجے میں بس میں کرنٹ پھیل گیا اور اسپارکنگ سے آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے بعد موقع پر چینخ و پکار اور بھگدڑ مچ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی منوہر پور پولیس اور انتظامی افسران موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو شاہ پورہ اسپتال منتقل کیا۔ پانچ مزدوروں کو شدید جھلسنے کے باعث جئے پور اسپتال ریفر کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ پولیس نے ہلاک شدگان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں رکھوا دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔