وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں کمی، سیاحوں کو برف باری کی امید

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-12-2025
 وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں کمی، سیاحوں کو برف باری کی امید
وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں کمی، سیاحوں کو برف باری کی امید

 



سری نگر۔کشمیر وادی میں سرد لہر کی صورتحال میں کمی کے امکانات کم ہیں کیونکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج کی گئی ہے۔ تاہم موسم کے باوجود سیاح سرد اور پرسکون مناظر سے لطف اندوز ہونے اور برف باری کی امید میں وادی کا رخ کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر پہلگام اور گلمرگ میں 14 دسمبر کے مقابلے میں کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کشمیر کے کئی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت 1 ڈگری سیلسیس سے 3 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے جبکہ دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس سے 16 ڈگری سیلسیس تک رہتا ہے جس سے کچھ وقت کے لیے راحت ملتی ہے۔

مسلسل سرد لہر کے باوجود سیاحوں کے منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ ایک خاتون سیاح نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سردی خوشگوار ہے اور اگر برف باری ہو جائے تو مزید اچھا لگے گا۔

انہوں نے کہا یہاں بہت سردی ہے لیکن ہم لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ڈل جھیل کا منظر بھی بہت خوبصورت تھا۔ برف باری ہونی چاہیے کیونکہ سیاح یہی دیکھنے آتے ہیں۔دہلی سے آئے ایک اور سیاح نے کہا کہ سردی اور مناظر سے لطف اٹھانے کے لیے گرم کپڑے پہننا ضروری ہے۔ انہوں نے پہلی بار کشمیر آنے پر اس کی خوبصورتی کی تعریف بھی کی۔

انہوں نے کہا یہاں واقعی بہت سردی ہے۔ میں ٹوپی جیکٹ اور دستانے پہن رہا ہوں۔ امید ہے کہ بارش یا برف باری ہو کیونکہ اس طرح کی تیز سردی میں کچھ راحت ملے گی۔ ہم پہلی بار کشمیر آئے ہیں اور لوگ اسے جنت کہتے ہیں تو یہ بالکل درست ہے کیونکہ ہر طرف خوبصورتی ہے۔سری نگر سے آنے والے مناظر میں ڈل جھیل کے قریب سردی کے باعث دھند آلود سڑکیں دکھائی دے رہی ہیں۔ پرجوش سیاح یادگار لمحات کے لیے تصویریں لیتے نظر آ رہے ہیں۔ کشمیر وادی میں سرد لہر کے باعث آنے والے دنوں میں سیاحت مستحکم رہنے کا امکان ہے۔