بھدرواہ: بھدرواہ کی گلدنڈا چراگاہ میں منگل کے روز بھاری برف باری کا دلکش نظارہ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سیاحوں نے رخ کیا۔
قدرتی حسن سے مالامال بھدرواہ اس وقت ایک حسین برفیلی وادی میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں دہلی اور ہریانہ سے آنے والے سیاح برف باری کے اس دل موہ لینے والے منظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔یہ اس موسم کی پہلی برف باری ہے جس نے مقامی آبادی اور سیاحت سے وابستہ افراد میں نئی اُمید اور جوش بھر دیا ہے۔
9,555 فٹ کی بلندی پر بھدرواہ-پٹھانکوٹ ہائی وے پر واقع گلدنڈا مکمل طور پر برف کی سفید چادر میں لپٹا ہوا ہے، جس نے اس علاقے کو ایک خوبصورت ’ونٹر وونڈر لینڈ‘ میں بدل دیا ہے۔
برف باری نے گلدنڈا کے علاوہ چیترگلہ پاس، اشاپتی گلیشیئر اور کیلاش چوٹیوں کو بھی ڈھانپ لیا ہے، جس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اس سال سرمائی سیاحت کا موسم خاص طور پر کامیاب رہے گا۔
کئی سیاحوں نے پہلی بار براہِ راست برف باری کا تجربہ کیا اور اس منظر کو اپنے کیمروں میں قید کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ ایک سیاح نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،
"بھدرواہ گھومنے کے لیے ایک شاندار جگہ ہے، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہی یہاں ہر طرف برف چھا گئی ہے، اس وادی کی قدرتی خوبصورتی واقعی قابلِ دید ہے۔"
ایک مقامی شخص نے کہا،"گلدنڈا اور اردگرد کی بلند چوٹیوں پر نئی برف نہ صرف حسین منظر پیش کر رہی ہے بلکہ یہ ہم سب کے لیے سیاحت کے شعبے میں نئی اُمید کی علامت ہے۔"
ابتدائی برف باری کی یہ لہر فطرت کے دلدادگان، مہم جو سیاحوں اور فوٹوگرافروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ اس سے وادی میں ماحولیاتی سیاحت اور ایڈونچر اسپورٹس کو فروغ ملے گا۔خوبصورت مناظر اور حیاتیاتی تنوع کی وجہ سے بھدرواہ کو اکثر "منی کشمیر" کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔