آپریشن سیندور کی پہلی سالگرہ :پونچھ میں سیکورٹی سخت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-05-2026
آپریشن سیندور کی پہلی سالگرہ :پونچھ میں سیکورٹی سخت
آپریشن سیندور کی پہلی سالگرہ :پونچھ میں سیکورٹی سخت

 



پونچھ
جمعرات کو پونچھ کے بازاروں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی، کیونکہ ملک ’آپریشن سندور‘ کی پہلی برسی منا رہا ہے۔ یہ آپریشن ہندوستانی فوج نے 2025 میں ہونے والے پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں شروع کیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔پونچھ شہر سے سامنے آنے والی تصاویر میں مصروف بازاروں میں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری تعیناتی دیکھی گئی، جبکہ اس تنازع میں جان گنوانے والے عام شہریوں اور فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
ایڈووکیٹ افتخار احمد بازمی نے دہشت گرد حملے کے متاثرین اور اس آپریشن میں شامل مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے  کہا کہ ہم ان بہنوں اور بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں اور جن کے نام پر ’آپریشن سندور‘ شروع کیا گیا تھا۔ ہم ان عام شہریوں کو خراجِ احترام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قربانی دی، اور فوج کے ان بہادر جوانوں کو بھی سلام کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کا وقار بلند کیا اور دشمن ملک کو واضح پیغام دیا کہ ہندوستان اپنے لوگوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔
اس دوران وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اس آپریشن کی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اسے ہندوستان کے عزم اور فوجی تیاریوں کی علامت قرار دیا۔
 ایکس  پر ایک پوسٹ میں راجناتھ سنگھ نے کہا، "’آپریشن سندور‘ کی برسی پر ہم اپنی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی جرأت اور لگن مسلسل ملک کی حفاظت کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے دوران ان کی کارروائیوں میں بے مثال درستگی، مختلف افواج کے درمیان شاندار تال میل اور گہرا تعاون دیکھنے کو ملا، جس نے جدید فوجی کارروائیوں کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ نے یہ ثابت کر دیا کہ ہندوستان کی مسلح افواج جب بھی ضرورت پڑتی ہے، فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔’آپریشن سندور‘ 7 مئی 2025 کو پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے جواب میں، ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر  میں موجود دہشت گرد لانچ پیڈز پر حملے کیے۔
سرکاری معلومات کے مطابق، اس آپریشن کے دوران ہندوستانی فوج نے لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد اور حزب المجاہدین سے وابستہ نو بڑے دہشت گرد لانچ پیڈز کو تباہ کر دیا، جس میں 100 سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے۔پاکستان نے اس کے جواب میں ڈرون حملوں اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان چار دن تک فوجی کشیدگی جاری رہی۔ ہندوستان نے لاہور میں ریڈار تنصیبات اور گوجرانوالہ کے قریب واقع مراکز کو نشانہ بنا کر جوابی کارروائی کی۔ بعد ازاں پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز  کی جانب سے ہندوستانی  ڈٰ جی ایم او سے رابطہ کیے جانے کے بعد کشیدگی کا خاتمہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 مئی 2025 کو جنگ بندی معاہدہ طے پایا۔