سری نگر: لال چوک پر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-03-2026
سری نگر: لال چوک پر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر
سری نگر: لال چوک پر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر

 



سری نگر
سری نگر کے علاقے لال چوک میں جمعہ کی صبح سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا۔ یہ قدم شیعہ مسلمانوں کی جانب سے آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے خلاف کیے گئے احتجاج کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر اٹھایا گیا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی 28 فروری کو فضائی حملوں میں ہلاکت کے بعد پورے ہندوستان میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔بدھ کے روز سرینگر میں شیعہ برادری نے خامنہ ای کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے پُرامن احتجاج کیا۔
اس سے پہلے بانڈی پورہ اور رامبن میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ رامبن میں مظاہرین نے نعرے لگائے: “تم کتنے حسینی مارو گے… ہر گھر سے حسینی نکلے گا۔” مظاہرین نے احتجاج کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا۔
بانڈی پورہ میں مظاہرین نے مرحوم عالمِ دین کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور اس واقعے پر غم اور مذمت کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے بھی بڈگام اور سرینگر میں ایران کے سپریم لیڈر کے قتل کے خلاف اسی طرح کے مظاہرے کیے گئے تھے۔
ادھر خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے نئی دہلی میں واقع ایران کے سفارت خانے جا کر تعزیتی کتاب میں دستخط کیے اور خامنہ ای کی وفات پر ہمدردی کا اظہار کیا۔اپنے دورے کے دوران وکرم مسری نے ہندوستان میں ایران کے سفیر محمد فتح علی کو حکومتِ ہند کی جانب سے تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔
اس دوران نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے نے اپنے ملک کے سپریم لیڈر کی وفات کے بعد قومی پرچم سرنگوں بھی کر دیا۔یہ صورتحال مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سامنے آئی ہے۔ ہفتے کے روز امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائی میں ایرانی سرزمین پر حملہ کیا گیا جس میں آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت کئی اہم شخصیات مارے گئے، جس کے بعد تہران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
جوابی کارروائی میں ایران نے متعدد عرب ممالک کی سمت ڈرون اور میزائل حملے کیے اور اب یہ تنازع ساتویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔ تہران کی جوابی کارروائیوں میں پورے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسرائیل بھی تہران پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور تنازع کو لبنان تک پھیلا دیا گیا ہے جہاں حزب اللہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔