راجوری: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں شدید بارش کے باعث اچانک آنے والے سیلاب نے نشیبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ حکام کے مطابق اس قدرتی آفت میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک اور شخص لاپتہ بتایا جا رہا ہے۔
راجوری کے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے بتایا کہ اب تک ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تھنہ منڈی کے بنیادی صحت مرکز کے ایک ملازم کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے امدادی اور تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر ضلع پونچھ میں بھی ہفتہ سے مسلسل موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث ایک مکان منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تمام افراد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق میاں بیوی کو شدید چوٹیں آئیں جبکہ بچوں کو بھی زخم آئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
ضلع اسپتال پونچھ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شفیق نے کہا کہ گزشتہ روز سے مسلسل بارش ہو رہی ہے اور رات بھر ہونے والی شدید بارش کے باعث مکان گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر محمد شفیق نے خبردار کیا کہ مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ۔ اچانک سیلاب اور سڑکیں بند ہونے جیسے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 25 جولائی تک موسمی انتباہ جاری کیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق پیدل یا گاڑی کے ذریعے غیر ضروری نقل و حرکت حادثات یا بند سڑکوں پر پھنسنے کا سبب بن سکتی ہے جس سے جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔
دریں اثنا کٹرا کی ذیلی انتظامیہ نے مانسون کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کر دیا ہے تاکہ فوری کارروائی اور مختلف محکموں کے درمیان بہتر رابطہ یقینی بنایا جا سکے۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ کٹرا پیوش دھوترا کی جانب سے جاری حکم کے مطابق یہ کنٹرول روم تحصیلدار کٹرا جتیندر سنگھ کی نگرانی میں کام کرے گا اور پولیس۔ محکمہ تعمیرات عامہ۔ محکمہ صحت۔ محکمہ بجلی۔ جل شکتی۔ بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔
کنٹرول روم چوبیس گھنٹے مانسون کی صورتحال پر نظر رکھے گا اور شدید بارش۔ اچانک سیلاب۔ لینڈ سلائیڈنگ۔ املاک کو پہنچنے والے نقصان اور سڑکوں۔ بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ سے متعلق اطلاعات جمع کر کے اعلیٰ حکام تک بروقت پہنچائے گا تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
خراب موسمی حالات کے پیش نظر کٹرا اور تریکوٹا پہاڑیوں میں شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کو بھی احتیاطی طور پر عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ یاترا دوبارہ شروع ہونے سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہونے اور راستہ محفوظ قرار دیے جانے کے بعد یاترا دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔