پونچھ (جموں و کشمیر)۔ 24 اکتوبر (اے این آئی)۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں مقامی خواتین نے بھائی دوج کے تہوار کے موقع پر بھارتی فوج کے جوانوں کے ماتھے پر تلک لگا کر یہ دن منایا۔تقریب کے دوران ایک خاتون جیو تی بھلا نے بتایا کہ وہ راکھی کے موقع پر بھی پونچھ کی سرحد پر جاتی ہیں تاکہ فوجی جوانوں کو اپنی بہنوں کی کمی محسوس نہ ہو۔انہوں نے کہا۔ آج ہم پونچھ سے اپنی تمام بہنوں کے ساتھ پونچھ کی سرحد پر آئے ہیں تاکہ بھائی دوج کے موقع پر اپنے بھائیوں کو تلک لگا سکیں۔ ہم بہنیں راکھی کے دن اپنے بھائیوں کی لمبی عمر کے لیے یہاں آتی ہیں اور بھائی دوج کے موقع پر بھی ان کے پاس آتی ہیں تاکہ انہیں اپنی بہنوں کی کمی محسوس نہ ہو۔
پونچھ کی رہائشی اندو بالا نے کہا کہ وہ بھائی دوج کے دن فوجی بھائیوں کی لمبی عمر کے لیے دعا کرنے سرحد پر آئی ہیں۔
انہوں نے کہا۔ میں پونچھ سے آئی ہوں۔ آج بھائی دوج کا دن ہے اور میں اپنے فوجی بھائیوں کو تلک لگانے آئی ہوں۔ بھائی دوج بھائی بہن کے رشتے کا تہوار ہے۔ بہنیں اپنے بھائیوں کی لمبی عمر کی دعا کرتی ہیں۔ ہم یہاں ان فوجی بھائیوں کی سلامتی اور لمبی عمر کے لیے دعا کرنے آئے ہیں۔ خدا انہیں ہمیشہ سلامت رکھے۔ انہیں تندرستی دے۔ لمبی عمر دے اور وہ اپنے گھروں کو بخیر و عافیت واپس لوٹیں۔
ادھر جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کشمیری پنڈتوں نے منگل کو سوریا مندر میں دیوالی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی۔
یہ مندر مقدس چشموں کے قریب واقع ہے اور روایتی طور پر مذہبی تقریبات کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ یہ دیوالی کی تقریبات کے لیے سب سے مقدس اور اہم مقامات میں سے ایک ہے اور کشمیری ہندوؤں بالخصوص پنڈتوں کے لیے خاص روحانی اہمیت رکھتا ہے۔مٹن کی رہائشی ایک عقیدت مند منیشا نے سوریا مندر میں دیا جلا کر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا۔ میں دیوالی کا تہوار منانے پر بہت خوش ہوں۔ میں تمام لوگوں کے امن اور خوشی کے لیے دعا کرتی ہوں۔ دنیا میں ہم آہنگی قائم رہے۔ خدا ہم سب پر اپنی برکتیں نازل کرے۔