سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو رامبن اور ریاسی اضلاع میں شدید بارش کے باعث بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایل جی آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس'پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاسی اور رامبن میں بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت۔ افسوسناک واقعے پر سینئر افسران سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
رامبن میں 4 افراد جاں بحق، ایک لاپتہ
حکام کے مطابق، ہفتہ کے روز رامبن ضلع کے راج گڑھ علاقے میں بادل پھٹنے سے کم از کم چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص لاپتہ ہو گیا۔ایس ایس پی رامبن، ارون گپتا نے بتایا کہ علاقے میں اچانک بادل پھٹنے سے نتنا علاقے میں شدید طغیانی آئی، جس کے نتیجے میں ایک مکان اور اسکول کو نقصان پہنچا اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ چار لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔ ڈی سی، ایس ایس پی اور اے ایس پی کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔"
ریاسی کے مہور میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق
دوسری جانب، ریاسی ضلع کے مہور تحصیل کے کراڑہ گاؤں میں جمعہ کی رات بادل پھٹنے کے باعث ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہو گئے۔جے کے این سی کے ایم ایل اے خورشید احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراڑہ گاؤں میں رات گئے بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں نزیر احمد، ان کی اہلیہ وزیرہ بیگم اور ان کے پانچ بچے جاں بحق ہو گئے۔ ہم نے ایسی شدید بارش پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ لاشیں مقامی افراد نے صبح نکالیں۔ڈسٹرکٹ انتظامیہ ریاسی نے بتایا کہ مہور اور بدر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
جموں-سری نگر قومی شاہراہ بند
ٹریفک سب انسپکٹر مقبول حسینکے مطابق، جموں-سری نگر ہائی وے(NH-44)کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو ہونے والے نقصانات کے باعث 2:30 بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مسافروں کو قریبی بس اسٹینڈ پر رہائش اور کھانے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ جب موسم بہتر ہوگا اور ایڈوائزری ختم کی جائے گی، تب ہی ٹریفک کو آگے جانے دیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایڈوائزری پر عمل کریں اور از خود فیصلہ نہ کریں، کیونکہ مغل روڈ بھی کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہے۔
مزید بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات(IMD)نے 30 اگست سے 2 ستمبر تک جموں و کشمیر میں الگ تھلگ شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ریجنل میٹ آفس نے رامبن، راجوری، جموں، ریاسی، ادھم پور، پونچھ، کٹھوعہ اور دیگر اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جو اگلے کئی دنوں تک برقرار رہے گا۔