کشتواڑ
بھاری برف باری اور شدید موسمی حالات کے باعث جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے علاقے سنتھن ٹاپ میں پھنسے 235 شہریوں اور 38 گاڑیوں کو ہندوستانی فوج نے بحفاظت بچا لیا۔فوج کے وائٹ نائٹ کور کے جوانوں نے دشوار گزار راستوں اور مسلسل برف باری کے باوجود تیزی سے بچاؤ کارروائی انجام دی۔
وائٹ نائٹ کور کے مطابق ریسکیو ٹیمیں اتوار کو سنتھن ٹاپ پہنچیں اور وہاں پھنسے شہریوں کو گرم کھانا، پینے کا پانی اور رہنے کے لیے پناہ گاہ فراہم کی۔مرمت اور بحالی کی ٹیموں نے پھنسے ہوئے گاڑیوں کو دوبارہ چلنے کے قابل بنایا، جبکہ جن گاڑیوں کو بحال نہیں کیا جا سکا ان کے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ طبی ٹیموں نے ضرورت مند افراد کو طبی امداد اور ضروری ادویات بھی فراہم کیں۔
وائٹ نائٹ کور نے بیان میں کہا کہ یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور تمام شہریوں اور گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا۔ اس مشن میں ہندوستانی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے درمیان بہترین تال میل دیکھنے کو ملا، جو سخت ترین حالات میں بھی جانوں کے تحفظ کے لیے ہندوستانی فوج کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
شمالی سکّم میں بھی فوج کی امدادی کارروائی
جنوری میں بھی ہندوستانی فوج نے شمالی سکّم میں پھنسے 29 سیاحوں کو بچایا تھا۔سرکاری بیان کے مطابق 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات علاقے میں شدید خراب موسم نے حالات کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔ تیز ہواؤں اور مسلسل برف باری نے پہاڑی سڑکوں کو ڈھانپ لیا جس کے باعث عام گاڑیاں چلنے کے قابل نہیں رہیں۔ کئی گاڑیاں بھاری برف کے نیچے دب گئیں جبکہ کچھ شدید سردی کے باعث خراب ہو گئیں۔
پھنسے ہوئے افراد میں چھوٹے بچے اور بزرگ شہری بھی شامل تھے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے چلا گیا اور پہاڑی علاقوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث کئی سیاحوں کو شدید پہاڑی بیماری اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
فوجی کیمپ پہنچنے کے بعد فوج نے فوری امدادی اقدامات شروع کیے۔ طبی ٹیموں نے بلندی سے متعلق بیماریوں میں مبتلا افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی، انہیں اضافی آکسیجن دی گئی اور مسلسل نگرانی کی گئی۔
سردی سے بچانے کے لیے فوجیوں نے متاثرہ افراد کو انتہائی سرد موسم کے کپڑے، سلیپنگ بیگ، ہیٹر فراہم کیے اور انہیں گرم کھانا، مشروبات اور گرم پانی مسلسل مہیا کیا۔ اس طرح کیمپ کو ایک محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا گیا جہاں بچوں سے لے کر بزرگوں تک سب کو تحفظ اور سکون ملا۔
پوری رات طبی اور انتظامی نگرانی میں گزارنے کے بعد اگلی صبح سیاحوں کو گرم ناشتہ فراہم کیا گیا۔ موسم بہتر ہونے اور سڑکوں کی حالت بہتر ہونے کے بعد ہندوستانی فوج نے خصوصی گاڑیوں کے ذریعے تمام سیاحوں کو بحفاظت لاچنگ میں واقع ان کے ہوٹلوں تک پہنچا دیا۔