کپواڑہ : بدھ کے روز ہندوستانی فوج کے چنار کور نے بہادر جوان حویدار محمد زبیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ضلع کپواڑہ میں آپریشنل ڈیوٹی کے دوران اپنی جان قربان کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں چنار کور نے کہا کہ چنار کور کپواڑہ ضلع میں آپریشنل ڈیوٹی کے دوران بہادر جوان حویدار محمد زبیر کی اعلیٰ قربانی کو سلام پیش کرتا ہے ان کی جرأت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔
ہندوستانی فوج کی ناردرن کمانڈ نے بھی کہا کہ حویدار محمد زبیر کی قربانی اور فرض شناسی فورس کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ کے لیے نقش رہے گی۔
ناردرن کمانڈ نے ایکس پر لکھا کہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما آرمی کمانڈر ناردرن کمانڈ اور تمام رینکس بہادر جوان حویدار محمد زبیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے سخت موسم اور دشوار گزار علاقے میں قوم کی خدمت کے دوران اپنی جان قربان کی ان کی قربانی اور لگن فورس کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ محفوظ رہے گی ناردرن کمانڈ اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
دریں اثنا منگل کے روز ادھم پور ضلع کے سونہن علاقے میں جاری ایک مقابلے کے دوران شہید ہونے والے ایس او جی جوان امجد علی خان کے لیے ضلع پولیس لائنز ادھم پور میں پھول چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں جموں و کشمیر کے ڈی جی پی نالن پربھات آئی جی پی جموں زون بھیم سین توتی سینئر پولیس افسران سی آر پی ایف اہلکار اور ضلع ادھم پور انتظامیہ نے شرکت کی اور شہید جوان کو پھولوں کی عقیدت پیش کی۔
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری نے بھی منگل کے روز ادھم پور مقابلے کے دوران ایس او جی جوان امجد پٹھان کو خراج عقیدت پیش کیا۔