جموں و کشمیر: گل مرگ تازہ برف باری کے بعد سفید حسین وادی میں تبدیل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-11-2025
جموں و کشمیر: گل مرگ تازہ برف باری کے بعد سفید حسین وادی میں تبدیل
جموں و کشمیر: گل مرگ تازہ برف باری کے بعد سفید حسین وادی میں تبدیل

 



 بارہ مولا (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں واقع خوبصورت پہاڑی سیاحتی مقام گل مرگ تازہ برف باری کے بعد ایک دلکش سفید وادی میں تبدیل ہو گیا ہے۔

سبز گھاس کے میدانوں اور دل موہ لینے والے مناظر کے لیے مشہور گل مرگ اب نرم و نازک برف کی سفید چادر اوڑھے ہوئے ہے، جس نے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیا ہے۔ یہ اس موسم کی پہلی بڑی برف باری ہے جو وادیٔ کشمیر میں سردیوں کے آغاز کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔

برف سے ڈھکی چوٹیوں اور دلکش قدرتی مناظر کے باعث گل مرگ ہمیشہ سے سردیوں کے مشہور مقامات میں سے ایک رہا ہے، جہاں سیاح اسکیئنگ، اسنو بورڈنگ اور اسنو شوئنگ جیسے کھیلوں کا لطف اٹھاتے ہیں۔ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی یہاں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

گل مرگ کی قدرتی خوبصورتی، اس کی برف پوش پہاڑیاں اور لہراتی وادیاں دیکھنے والوں کے لیے ایک جادوئی منظر پیش کر رہی ہیں۔ ہر طرف سفید برف کی چادر نے منظر کو خوابوں جیسا بنا دیا ہے۔ برف سے لدے درخت اور چمکتی پہاڑیاں سورج کی روشنی میں ہیروں کی طرح دمک رہی ہیں، اور جگہ جگہ لوگ تصویریں کھینچتے اور فطرت کے سکون کا لطف اٹھاتے نظر آ رہے ہیں۔

علاقائی محکمہ موسمیات کے مطابق گل مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 10 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج کے لیے ہلکی بارش کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

6 اور 7 نومبر کو موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ان دنوں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13 ڈگری اور کم سے کم صفر ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

جبکہ 8 سے 10 نومبر تک علاقے میں آسمان زیادہ تر صاف رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری اور کم سے کم ایک ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ (اے این آئی)