ایشیائی باکسنگ میں گولڈ جیتنے والے محمد یاسر کا راجوری میں شاندار استقبال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
ایشیائی باکسنگ میں گولڈ جیتنے والے محمد یاسر کا راجوری میں شاندار استقبال
ایشیائی باکسنگ میں گولڈ جیتنے والے محمد یاسر کا راجوری میں شاندار استقبال

 



راجوری 
جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ہفتے کے روز 14 سالہ باکسر محمد یاسر اور ان کے کوچ اشتیاق ملک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔محمد یاسر نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ انڈر-15 ایشیائی باکسنگ چیمپئن شپ کی 58 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ جموں و کشمیر کے پہلے باکسر بن گئے ہیں جنہوں نے ایشیائی سطح کی اس باوقار چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
ان کی شاندار کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان کی وطن واپسی پر مقامی باشندوں، کھیلوں کے شائقین اور خیر خواہوں نے ان کا زبردست استقبال کیا۔بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے اس نوجوان چیمپئن کو مبارکباد دینے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔
اس کامیابی کو راجوری اور پورے جموں و کشمیر کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کئی افراد محمد یاسر کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثالی کردار اور تحریک کا ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یاسر نے عوامی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا  کہ میں تمام لوگوں کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔ مجھے امید ہے کہ آپ میرے اور میرے کوچ کی اسی طرح حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے تاکہ میں جموں و کشمیر اور ہندوستان کے لیے مزید تمغے جیتتا رہوں۔
محمد یاسر کے کوچ اشتیاق ملک نے بھی عوامی محبت اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ماضی میں اس خطے میں باکسنگ کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی، لیکن یاسر کی کامیابی نے اس کھیل کو نئی پہچان دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے یاسر پر اتنا پیار نچھاور کیا۔ پہلے مجھے اندازہ نہیں تھا کہ نوجوان کسی ایک کھیل کے لیے اتنے پُرجوش ہو سکتے ہیں۔ ہمارے یہاں اچھے ایتھلیٹس اور کرکٹرز موجود ہیں، لیکن پہلے باکسنگ کا نام بھی کم ہی سننے کو ملتا تھا۔ آج یاسر کو جو محبت اور حمایت مل رہی ہے، وہ بہت بڑی بات ہے۔
اشتیاق ملک نے کہا کہ محمد یاسر کا استقبال غیر معمولی تھا اور پیر پنجال خطے کے لوگ ان کی بین الاقوامی کامیابی پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں تو یہ کہوں گا کہ شاید کسی اولمپک تمغہ جیتنے والے کا بھی ایسا استقبال نہ ہوا ہو جیسا یاسر کا ہوا ہے۔ ہر شخص خوش ہے کہ پیر پنجال کے ایک بچے نے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کر کے ہم سب کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اشتیاق ملک نے کھیلو انڈیا منصوبے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس اسکیم نے محمد یاسر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ کھیلو انڈیا کے ذریعے ہی ان کی ملاقات محمد یاسر سے ہوئی اور بعد ازاں اس پروگرام کے تحت انہیں کھیلوں کا سامان، رہنمائی اور مسلسل مشاورت فراہم کی گئی، جس سے یاسر کی جسمانی صلاحیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اہم کردار کھیلو انڈیا اسکیم نے ادا کیا۔ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے میری اور یاسر کی ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد حکام اور متعلقہ اداروں نے ہمیں کھیلوں کا سامان فراہم کیا، جبکہ یاسر کو مسلسل مشاورت اور رہنمائی ملتی رہی، جس کی بدولت وہ جسمانی طور پر مزید مضبوط اور بہتر کھلاڑی بن سکا۔