سرینگر : سرکاری حکام کے مطابق نوگام پولیس اسٹیشن کے آس پاس کا علاقہ فورینزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے سیل کر دیا ہے۔ یہ قدم اس دھماکے کی تفتیش کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے جس میں نو افراد جان سے گئے اور 32 زخمی ہوئے۔
موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار اور فورینزک ماہرین شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں۔
جمعہ کی رات نوگام پولیس اسٹیشن کے اندر ایک حادثاتی دھماکہ ہوا تھا، جس نے نو اہلکاروں کی جان لے لی جبکہ 32 زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نلن پربھات نے ہفتے کو کہا کہ واقعے پر بے جا اندازے لگانا ٹھیک نہیں، کیونکہ ابتدائی تفتیش یہ بتاتی ہے کہ یہ دھماکہ ایک ضروری فورینزک کارروائی کے دوران غلطی سے ہوا۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ مرنے والوں میں ریاستی تحقیقات ایجنسی (ایس آئی اے) کا ایک افسر، ایف ایس ایل کے تین اہلکار، کرائم سین کے دو فوٹوگرافر، مجسٹریٹ کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے دو ریونیو اہلکار اور ایک درزی شامل ہے۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت اس حادثے میں جان کھونے والوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کی وزیر سکینہ اِتو کو زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت بھی دی ہے۔ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ نقصان پہنچنے والی عمارتوں کا بھی باقاعدہ معاوضہ دیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے نوگام دھماکے کی مکمل اور آزادانہ تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں دھماکہ خیز مواد کے غیر محتاط ہینڈلنگ سے بھی یہ سانحہ پیش آیا ہو سکتا ہے، جس میں نو افراد کی جان گئی اور کئی رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں۔