چنئی
انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے تمل ناڈو کے نئے وزیرِاعلیٰ جوزف وجے کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت ریاست میں جمہوری اور سیکولر اقدار کو مضبوط کرے گی اور عوامی فلاح کو اولین ترجیح دے گی۔
پروفیسر قادر محی الدین نے کہا کہ ان کی جماعت نے تمل ناڈو میں تعلیم، صنعت، زراعت اور معیشت کے شعبوں میں سابق حکومت کی کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے عوام سے حمایت مانگی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کے دو اراکینِ اسمبلی بھی منتخب ہوئے ہیں۔ اگرچہ عوام نے کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں دی، لیکن ریاست میں صدر راج نافذ ہونے جیسی صورتِ حال سے بچنے کے پیشِ نظر ان کی جماعت نے بغیر کسی شرط نئی حکومت کی تشکیل کی حمایت کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوامی فیصلہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت جماعت کی ہنگامی اعلیٰ سطحی میٹنگ بلائی گئی، جس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد حکومت سازی کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کے اسٹالن نے گورنر سے نئی حکومت کی تشکیل میں غیر ضروری تاخیر نہ کرنے کی اپیل کر کے سیاسی پختگی اور عوام کے تئیں اپنی وابستگی کا ثبوت دیا۔
آئی یو ایم ایل صدر نے کہا کہ ڈی ایم کے اتحاد میں شامل دو کمیونسٹ جماعتوں، وی سی کے اور انڈین یونین مسلم لیگ نے مل کر بغیر کسی شرط نئی حکومت کی حمایت کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت اصولی سطح پر ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر اور جمہوری اتحاد کے ساتھ برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کی جانب سے جوزف وجے کو حکومت سازی کی دعوت دیے جانے کے بعد نئی حکومت وجود میں آئی۔ وزیرِاعلیٰ کے طور پر اپنے پہلے خطاب میں وجے نے کہا تھا کہ حکومت کو بھاری قرض ورثے میں ملا ہے اور ریاست کی معاشی حالت سنگین ہے۔ اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے پروفیسر قادر محی الدین نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو ریاست کی حقیقی معاشی اور انتظامی صورتِ حال کو سمجھنے کے بعد ہی عوامی بیان دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چلانے کے لیے کئی مرتبہ قرض لینا ایک معمول کی انتظامی کارروائی کا حصہ ہوتا ہے اور کسی بھی بڑے فیصلے سے پہلے اعلیٰ افسران کے ساتھ گہرا جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت آئندہ ایسے بیانات دینے سے پہلے ریاست کی مالی اور انتظامی حالت کا مکمل اندازہ کرے گی۔
آئی یو ایم ایل سربراہ نے کہا کہ تمل ناڈو کے عوام ایسی حکومت چاہتے ہیں جو صحت مند سیاست کو فروغ دے، انتظامیہ میں شفافیت برقرار رکھے اور صرف عوامی فلاح کو اپنا مقصد بنائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست میں مذہبی نفرت یا فرقہ وارانہ سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے نئی حکومت سے اپیل کی کہ سابق حکومت کی نافذ کردہ عوامی فلاحی اسکیموں کو جاری رکھا جائے اور ریاست کی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور معاشی پیش رفت کو ترجیح دی جائے۔