فلسطینی سفیر نے اسرائیل اور امریکہ پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
فلسطینی سفیر نے اسرائیل اور امریکہ پر تنقید کی
فلسطینی سفیر نے اسرائیل اور امریکہ پر تنقید کی

 



نئی دہلی
ہندوستان میں فلسطین کے سفیر عبداللہ ابو شاوِش نے اقوام متحدہ کی ایک سخت رپورٹ جاری ہونے کے بعد اسرائیل اور اس کے اتحادیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائیاں قانونی معیار کے مطابق نسل کشی (جینوسائیڈ) کے زمرے میں آتی ہیں۔فلسطینی سفیر عبداللہ ابو شاوِش نے بین الاقوامی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے اے این آئی سے کہا کہ کسی جنگ کو نسل کشی قرار دینے کے لیے پانچ شرائط ہوتی ہیں۔ ان پانچ میں سے تین شرائط غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر لاگو ہوتی ہیں۔ اس لیے اقوام متحدہ، ایمنسٹی اور خود اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق یہ نسل کشی ہے۔ صرف اسرائیلی حکام، اسرائیلی رہنما اور امریکی ہی اس لفظ 'نسل کشی' کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
سفیر کا یہ بیان اقوام متحدہ کے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن کی منگل کو جاری کردہ رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیلی افواج بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر فلسطینیوں کے خلاف ایسے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جو نسل کشی کے مترادف ہیں۔
یہ کمیشن گزشتہ سال بھی یہ نتیجہ اخذ کر چکا تھا کہ غزہ میں اسرائیل نسل کشی کا مرتکب ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے فلسطینی بچوں کو بے مثال ہلاکتوں، زخمی ہونے اور ذہنی صدمے سے دوچار کیا ہے۔
رپورٹ کے نتائج پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ابو شاوِش نے کہا کہ اگرچہ ہلاکتوں اور مظالم کے اعداد و شمار نے عالمی برادری کو چونکا دیا ہے، لیکن فلسطینی عوام کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایک طویل تاریخی حقیقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ رپورٹ صرف عالمی برادری ہی نہیں بلکہ ہمارے لیے بھی انتہائی چونکا دینے والی ہے، حالانکہ ہم کئی دہائیوں سے اسرائیلی قبضے اور 1948 میں غزہ میں نسلی تطہیر کے واقعات دیکھتے آئے ہیں۔ ہمارے لیے یہ حیران کن نہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ اسرائیل ہمارے اور ہمارے عوام کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ اعداد و شمار عالمی برادری کو ضرور جھنجھوڑ دیں گے۔ فلسطینیوں کے لیے یہ حیرت نہیں بلکہ روزمرہ کی حقیقت ہے۔
اقوام متحدہ کے کمیشن کے مطابق بچوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مبینہ نسل کشی کے ارادے کا ایک اہم ثبوت ہے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اسرائیل نے فضائی حملے جاری رکھے، جن کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں 250 سے زیادہ بچے شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں تقریباً 30 فیصد بچے تھے۔غزہ میں جاری تنازع کے انسانی المیے پر روشنی ڈالتے ہوئے فلسطینی سفیر نے کہا کہ ہزاروں بچوں کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم غزہ کے فلسطینی بچوں کی بات کرتے ہیں تو ہمیں معلوم نہیں کہ پانچ ہزار سے زیادہ بچے کہاں ہیں۔ وہ لاپتا ہیں یا اندرونِ ملک بے گھر ہو چکے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان میں سے اکثریت ہلاک ہو چکی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تصور صورتحال ہے۔
اقوام متحدہ کے پینل نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت بھی جاری رہیں جب غزہ میں جنگ بندی نافذ ہو چکی تھی۔کمیشن کے سربراہ سرینیواسن مرلی دھر کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے بعد بھی بچے مسلسل ہلاک اور شدید زخمی ہو رہے ہیں، جبکہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت فلسطینی بچوں کو حاصل تحفظ اور جنگ بندی دونوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں جاری حملوں اور انسانی و طبی امداد پر عائد پابندیوں نے فلسطینی بچوں کی بقا، صحت اور نشوونما کو کئی سطحوں پر نقصان پہنچایا ہے۔
کمیشن نے اسرائیلی حملوں کا ایک ایسا منظم سلسلہ بھی دستاویز کیا جس میں ہسپتالوں، طبی مراکز اور تولیدی صحت کی سہولتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اس کے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر قلیل اور طویل مدتی سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔