اسرو کا پی ایس ایل وی سی 62 مشن ناکام

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-01-2026
اسرو کا  پی ایس ایل وی  سی 62 مشن ناکام
اسرو کا پی ایس ایل وی سی 62 مشن ناکام

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اسرو (اسرو) کے پی ایس ایل وی-سی62 مشن کے تیسرے مرحلے (پی ایس3) میں ایک تکنیکی رکاوٹ سامنے آئی، جس کے باعث پرواز کے راستے میں خلل پیدا ہو گیا۔ اسرو کے مطابق، تیسرے اسٹیج میں سیٹلائٹ اپنے مقررہ راستے سے ہٹ گیا، جس کی وجہ سے سیٹلائٹس کو متوقع مدار میں قائم نہیں کیا جا سکا۔ اس کے بعد اسرو نے واقعے کا تفصیلی تجزیہ شروع کر دیا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مشن کو کامیابی کے ساتھ لانچ تو کیا گیا، لیکن سیٹلائٹس کی درست تنصیب ممکن نہیں ہو سکی۔
اسرو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل وی-سی62 مشن میں پی ایس3 اسٹیج کے اختتام پر ایک خرابی پیش آئی ہے۔ اس کی تفصیلی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ انوِیشا سیٹلائٹ کے لانچ میں ناکامی کے بعد اسرو کے سربراہ نے بھی بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں مسئلہ آیا اور سمت تبدیل ہو گئی۔ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ جیسے ہی کوئی نئی معلومات سامنے آئیں گی، انہیں شیئر کیا جائے گا۔
زمین سے تقریباً 600 کلومیٹر اوپر نصب ہونا تھا
انوِیشا سیٹلائٹ کو زمین سے تقریباً 600 کلومیٹر بلندی پر پولر سن-سنکرونس مدار  میں نصب کیا جانا تھا۔ اس سیٹلائٹ کو ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے تیار کیا ہے۔ یہ جدید امیجنگ صلاحیتوں سے لیس ایک جاسوسی (انٹیلیجنس) سیٹلائٹ ہے، جس کا مقصد انتہائی درست نگرانی اور نقشہ سازی کرنا ہے۔ یہ زمین سے کئی سو کلومیٹر کی بلندی پر ہونے کے باوجود جھاڑیوں، جنگلات یا بنکروں میں چھپے دشمنوں کی تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
۔ 15سیٹلائٹس میں 7 ہندوستانی اور 8 غیر ملکی
یہ مشن نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا، جو اسرو کی کمرشل اکائی ہے۔ یہ پی ایس ایل وی راکٹ کی مجموعی طور پر 64ویں پرواز تھی اور زمین کے مشاہداتی سیٹلائٹ کی تیاری و لانچ کے لیے نویں کمرشل مشن کے طور پر انجام دی جا رہی تھی۔ لانچ کیے گئے 15 سیٹلائٹس میں 7 ہندوستانی اور 8 غیر ملکی سیٹلائٹس شامل ہیں۔ حیدرآباد میں قائم دھرووا اسپیس اس لانچ کے ذریعے اپنے 7 سیٹلائٹس خلا میں بھیج رہی ہے۔ غیر ملکی سیٹلائٹس میں فرانس، نیپال، برازیل اور برطانیہ کے سیٹلائٹس شامل ہیں۔
یہ مشن ہندوستان کے نجی خلائی شعبے کے لیے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ پہلی بار کسی ہندوستانی نجی کمپنی نے پی ایس ایل وی مشن میں اتنی بڑی شراکت کی ہے۔ پی ایس ایل وی کو دنیا کے سب سے قابلِ اعتماد لانچ وہیکلز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی راکٹ کے ذریعے چندرایان-1، منگل یان اور آدتیہ-ایل1 جیسے اہم مشنز لانچ کیے جا چکے ہیں۔
انوِیشا کیسے کام کرتا ہے؟
انوِیشا سیٹلائٹ ‘ہائپر اسپیکٹرل ریموٹ سینسنگ ’ ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے، جو روشنی کے وسیع اسپیکٹرم کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یعنی یہ چند رنگوں کے بجائے روشنی کے سینکڑوں باریک رنگوں کو پکڑ سکتا ہے۔ ان باریک رنگوں کی بنیاد پر یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ تصویر دراصل کس چیز کی ہے۔ یہ ایک ایسے اسکینر کی طرح کام کرتا ہے جو مختلف اقسام کی مٹی، پودوں، انسانی سرگرمیوں یا کسی بھی شے کو اس کی منفرد روشنی اور چمک کے ذریعے شناخت کر سکتا ہے۔