اسرو اور ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کا خلائی طب معاہدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2026
اسرو اور ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کا خلائی طب معاہدہ
اسرو اور ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کا خلائی طب معاہدہ

 



ترواننت پورم: شری چترا ترونل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SCTIMST) اور ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے ہیومن اسپیس فلائٹ سینٹر (HSFC) نے ہندوستان میں خلائی طب (اسپیس میڈیسن) اور بایو آسٹروناٹکس کے شعبے میں تحقیق اور تربیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اشتراک کا آغاز کیا ہے۔

ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرو اپنے پرعزم انسانی خلائی مشن "گگن یان" کی تیاریوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ بیان کے مطابق انسانی خلائی سفر اور خلا میں طویل قیام کے دوران مائیکرو گریویٹی، کائناتی شعاعوں، تنہائی اور دیگر خلائی ماحول کی وجہ سے خلا بازوں کو مختلف جسمانی اور طبی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان حالات کے انسانی جسم پر اثرات کو سمجھنا اور مناسب حیاتیاتی و طبی ٹیکنالوجی تیار کرنا مستقبل کے انسانی خلائی مشنوں میں خلا بازوں کی حفاظت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ دونوں اداروں نے 24 اپریل 2025 کو اسرو کے مختلف انسانی خلائی مشنوں سے متعلق خلائی طب کی تحقیق کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے۔

اس تعاون کے تحت 26 نومبر 2025 کو اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی میں سینٹر فار اسپیس میڈیسن ریسرچ کا افتتاح کیا تھا، تاکہ دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس اشتراک کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے 25 جون 2026 کو بنگلورو میں اسرو کے ہیڈکوارٹر میں ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی اور ایچ ایس ایف سی کے درمیان ایک نفاذی معاہدے (Implementing Agreement) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام برائے بایو آسٹروناٹکس شروع کیا جائے گا۔

اس موقع پر اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے کہا کہ انسانی خلائی پروگرام ملک کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اور مستقبل میں مزید انسانی خلائی مشنوں کے پیش نظر خلائی طب، تحقیق، تربیت اور افرادی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کے صدر کرس گوپال کرشنن نے بایومیڈیکل ٹیکنالوجی کی ترقی میں ادارے کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرو کے ساتھ یہ اشتراک خلائی طب کے میدان میں جدید تحقیق کے ذریعے انسانی خلائی مشنوں کے لیے نئی ٹیکنالوجی اور اختراعی حل تیار کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ بیان کے مطابق بایو آسٹروناٹکس پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ دو سالہ پروگرام ہوگا، جسے ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی اور ایچ ایس ایف سی مشترکہ طور پر چلائیں گے۔

منتخب فیلوز دونوں اداروں میں خصوصی تربیت حاصل کرنے کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد خلائی سفر کے دوران انسانی خلیات اور اعضا میں آنے والی تبدیلیوں کی جامع سمجھ پیدا کرنا اور انسانی خلائی مشنوں سے متعلق اہم سائنسی سوالات پر تحقیق کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈگری، سپر اسپیشلٹی طبی اہلیت یا پی ایچ ڈی رکھنے والے امیدوار اس پروگرام کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ ہر سال دو فیلوشپ کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی، جن کا آغاز جولائی 2026 کے تعلیمی سیشن سے ہوگا۔ اس پروگرام سے متعلق اشتہار، تفصیلی نصاب اور دیگر معلومات ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کی ویب سائٹ اور ملک کے نمایاں اخبارات میں دستیاب ہوں گی۔