اسرائیل کو جنگ بندی مذاکرات کے درمیان ایرانی حملے کا خوف ہے: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-05-2026
اسرائیل کو جنگ بندی مذاکرات کے درمیان ایرانی حملے کا خوف ہے: رپورٹ
اسرائیل کو جنگ بندی مذاکرات کے درمیان ایرانی حملے کا خوف ہے: رپورٹ

 



تل ابیب
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ بندی مذاکرات کے دوران ایران خلیجی ممالک اور اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے اچانک میزائل اور ڈرون حملے کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔ یروشلم پوسٹ نے انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، ایران کی جانب سے پیشگی حملے کے امکان پر ایک سکیورٹی جائزہ اجلاس میں غور کیا گیا، جس میں اعلیٰ فوجی حکام اور اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے شرکت کی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ جنگ بندی مذاکرات جاری ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر  ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم  نتین یاہو  کے درمیان تہران کے حوالے سے حکمتِ عملی پر اختلافات موجود ہیں۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر اس سے پہلے حملہ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اس نتیجے پر پہنچیں کہ سفارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور فوجی کارروائی کا فیصلہ کر لیا جائے۔ حکام نے اس ممکنہ کارروائی کا موازنہ آپریشن ایپک فیوری اور آپریشن روئرنگ لائن کے ابتدائی مراحل سے کیا ہے۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق، اسرائیلی فضائیہ اور اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ، جس کی سربراہی میجر جنرل  ہدائی زیلبرمین کر رہے ہیں، نے امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں تاکہ آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس میں ایران کی غیر معمولی فوجی سرگرمیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بھی شامل تھا۔
دریں اثنا، آئی ڈی ایف کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل نے فوجی کمانڈروں کے ساتھ مشاورت کی، جس میں دفاعی اور جارحانہ دونوں طرح کے ممکنہ منظرناموں کا جائزہ لیا گیا۔زامیر امریکی فوجی حکام کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ تہران کی جانب سے کسی ممکنہ حملے کی صورت میں مشترکہ ردِعمل کو مربوط کیا جا سکے۔
ایک فوجی ذریعے نے والا کو بتایا کہ حالیہ مشترکہ امریکی-اسرائیلی کارروائیوں کے بعد ایک جامع جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد ایران سے درپیش خطرات کی بہتر شناخت، نگرانی اور روک تھام کو یقینی بنانا تھا۔رپورٹ کے مطابق، اس جائزے کے نتیجے میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان میزائل دفاعی نظام، آپریشنل رابطہ کاری، تکنیکی انضمام، سافٹ ویئر اپ گریڈیشن اور فوجی نفری میں اضافے کے حوالے سے تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسرائیل کو امریکی فوجی سازوسامان کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جوہری صلاحیتوں کو غیر مؤثر بنانے کے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسے حاصل کر لیں گے۔ ہمیں اس کی ضرورت نہیں، ہم اسے نہیں چاہتے۔ غالب امکان ہے کہ اسے حاصل کرنے کے بعد ہم تباہ کر دیں گے، لیکن ہم ایران کو اس کا مالک نہیں بننے دیں گے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ایران کے پاس تقریباً 900 پاؤنڈ انتہائی افزودہ یورینیم موجود ہے، جو مزید افزودگی کے بعد ممکنہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔ اس ذخیرے کو حاصل کرنا یا غیر مؤثر بنانا ٹرمپ کی فوجی اور سفارتی حکمتِ عملی کا ایک اہم مقصد ہے۔
امریکہ اور اسرائیل دونوں ایران کے جوہری پروگرام کو اپنے لیے خطرہ تصور کرتے ہیں۔ اسرائیل عالمی فورمز پر مسلسل اس پروگرام کی مخالفت کرتا رہا ہے اور اس کے مطابق تہران کے ساتھ موجود کشیدگی کی ایک وجہ ثقافتی اور مذہبی اختلافات بھی ہیں۔