تل ابیب
اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں کارروائی کے دوران حماس کے فوجی ونگ کے نئے سربراہ محمد عودہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جنہیں اسرائیل 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے منصوبہ سازوں میں سے ایک قرار دیتا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی ہدایات پر یہ کارروائی انجام دی گئی۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں اس کی تصدیق کی۔
بیان کے مطابق محمد عودہ 7 اکتوبر کے حملے کے دوران حماس کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ تھے اور تقریباً ایک ہفتہ قبل انہیں عزالدین الحداد کی جگہ حماس کے فوجی ونگ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ عزالدین الحداد دو ہفتے قبل غزہ کی پٹی میں ایک اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق محمد عودہ متعدد اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے قتل، اغوا اور زخمی کیے جانے کے واقعات میں بھی ملوث تھے۔بنیامین نیتن یاہو نے بھی ایکس پر ایک پوسٹ میں اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اب محمد عودہ کو نشانہ بنایا ہے، جو حماس کے فوجی ونگ کے سربراہ اور 7 اکتوبر کے قتلِ عام کے منصوبہ سازوں میں سے ایک تھے۔ ہم ان تمام افراد تک پہنچیں گے جو اس حملے میں ملوث تھے۔
دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان میں بھی اپنی فضائی کارروائیاں جاری رکھیں اور گزشتہ روز کارروائیوں میں اضافے کے بعد متعدد نئے حملے کیے۔رپورٹ کے مطابق برج رحال پر دو فضائی حملے کیے گئے جبکہ قوثریۃ الرز کے علاقے میں بھی شدید بمباری کی اطلاع ملی۔ اسرائیلی فوج نے صریفا کے قصبے پر دو اور برج رحال پر ایک فضائی حملہ کیا۔اسی طرح السوانہ کے علاقے میں تین اور قبریقہا میں ایک فضائی حملے کی اطلاع دی گئی۔
الجزیرہ عربی کے مطابق جنوبی لبنان میں منگل کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں 31 افراد ہلاک جبکہ 40 دیگر زخمی ہوئے۔یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب اتوار کو وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فوج کو حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی تھی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے یہ اشارہ دیے جانے کے بعد کہ واشنگٹن ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف بڑے پیمانے کی کارروائی کی منظوری دے سکتا ہے، اسرائیل نے اپنے فوجی آپریشنز میں اضافہ کر دیا۔
نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم حزب اللہ کے ساتھ جنگ میں ہیں۔ صرف گزشتہ چند ہفتوں میں ہمارے بہادر فوجیوں نے 600 سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ لیکن ہم اپنی کارروائیاں کم نہیں کر رہے، بلکہ اس کے برعکس میں نے فوج کو مزید شدت کے ساتھ کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔