گائے کی قربانی نہ کریں۔ نماز عیدگاہوں اور مساجد میں ادا کی جائے: مولانا فرنگی محلی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
گائے کی قربانی سے اجتناب کریں۔ نماز صرف عید گاہوں اور مساجد میں ادا کی جائے: مولانا فرنگی محلی
گائے کی قربانی سے اجتناب کریں۔ نماز صرف عید گاہوں اور مساجد میں ادا کی جائے: مولانا فرنگی محلی

 



 لکھنو: : عیدالاضحیٰ یعنی بقرعید کے پیش نظر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور   اسلامک سینٹر آف انڈیاکے چیئرمین مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے ملک بھر میں پُرامن۔ قانونی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق عیدالاضحیٰ منانے کے مقصد سے ایک جامع بارہ نکاتی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس ایڈوائزری میں خاص طور پر گائے کی قربانی نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تہواروں کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں بھی تمام قوانین۔ ضوابط اور ملک کے قانون کی مکمل پابندی کرتے ہیں۔ ہمارے ملک میں گائے کے ذبیحہ کے خلاف قانون موجود ہے۔ اس لیے گائے کی قربانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پرانے فتویٰ کا ذکر

بلکہ فرنگی محل کے علما نے تو 1920 میں ہی ایک فتویٰ جاری کر دیا تھا کہ مسلمان کبھی بھی گائے کو ذبح نہ کریں۔ نہ بقرعید کے موقع پر اور نہ کسی اور موقع پر۔ لہٰذا میری تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی صرف انہی جانوروں کی قربانی کی جائے جن پر قانونی طور پر کوئی پابندی نہیں ہے۔”

عید الضحی پر گائیڈ لائن

مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ اسلامک سینٹر آف انڈیا لکھنؤ کی جانب سے جاری کردہ بارہ نکاتی عیدالاضحیٰ ایڈوائزری میں مسلم کمیونٹی کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ قربانی صرف انہی جانوروں کی کی جائے جن پر قانونی طور پر کوئی پابندی نہ ہو۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر گائے کی قربانی ہرگز نہ کی جائے کیونکہ یہ ملک کے قانون کے خلاف ہے۔

مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے مزید کہا کہ اس ایڈوائزری میں عوامی نظم و ضبط۔ صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی ذمہ داری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مسلمانوں سے درخواست کی گئی ہے کہ نمازِ عید عوامی مقامات پر ادا کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس ایڈوائزری کے ذریعے مسلم کمیونٹی کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ نماز صرف عیدگاہوں اور مساجد کے احاطوں کے اندر ادا کی جائے۔

اسی کے ساتھ قربانی کے دوران صفائی اور حفظانِ صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ جانوروں کی آلائشیں یا باقیات باہر نہ پھینکی جائیں بلکہ نگر نگم اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے مطابق مناسب طریقے سے انہیں ٹھکانے لگایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قربانی صرف مقررہ اور مختص مقامات پر ہی کی جائے۔ عوامی مقامات۔ گلیوں یا سڑکوں کے قریب قربانی نہ کی جائے تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور صفائی و نظم برقرار رہے۔

خوشحالی کے لیے دعا

مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ اس ایڈوائزری میں مسلم کمیونٹی سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقعے کو ملک کی سلامتی۔ خوشحالی اور موجودہ مشکلات سے نجات کے لیے دعاؤں کا ذریعہ بنایا جائے۔

گرمی سے راحت کی دعا

انہوں نے کہا کہ نماز کے بعد شدید گرمی کی لہر سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں اور ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے بھی دعا کی جائے۔ اسی طرح ملک کو درپیش معاشی بحران اور اقتصادی مشکلات کے خاتمے کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔

بارہ نکاتی ایڈوائزری کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔

1۔ قربانی صرف انہی جانوروں کی کی جائے جن پر قانونی پابندی نہ ہو۔

2۔ گائے کی قربانی ہرگز نہ کی جائے کیونکہ یہ قانونِ ملک کے خلاف ہے۔

3۔ نمازِ عید عوامی مقامات پر ادا نہ کی جائے۔

4۔ نماز صرف عیدگاہوں اور مساجد کے احاطوں میں ادا کی جائے۔

5۔ قربانی کے دوران صفائی اور حفظانِ صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

6۔ جانوروں کی آلائشیں اور باقیات کھلے مقامات پر نہ پھینکی جائیں۔

7۔ آلائشوں کو نگر نگم اور میونسپل کارپوریشن کے انتظامات کے مطابق ٹھکانے لگایا جائے۔

8۔ قربانی صرف مقررہ اور مختص مقامات پر کی جائے۔

9۔ گلیوں۔ سڑکوں اور عوامی مقامات کے قریب قربانی سے گریز کیا جائے۔

10۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی سلامتی۔ ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

11۔ شدید گرمی کی لہر اور دیگر مشکلات سے نجات کے لیے دعا کا اہتمام کیا جائے۔

12۔ ملک کو معاشی بحران اور اقتصادی مشکلات سے بچانے کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

عیدالاضحیٰ یا بقرعید جس کے اس سال 28 جون کو ہے۔ اسلام میں ’قربانی کے تہوار‘ کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہ ذوالحجہ کی دسویں تاریخ کو منائی جاتی ہے جو اسلامی یا قمری کیلنڈر کا بارہواں مہینہ ہے۔ یہ تہوار سالانہ حج کی تکمیل اور اختتام کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ہر سال عیدالاضحیٰ کی تاریخ تبدیل ہوتی رہتی ہے کیونکہ اسلامی کیلنڈر قمری نظام پر مبنی ہے جو مغربی 365 دنوں پرمشتمل گریگورین کیلنڈر کے مقابلے میں تقریباً گیارہ دن چھوٹا ہوتا ہے۔