آئی ایس آئی-ممبئی انڈر ورلڈ کے نئے دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-06-2026
آئی ایس آئی-ممبئی انڈر ورلڈ کے نئے دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش
آئی ایس آئی-ممبئی انڈر ورلڈ کے نئے دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش

 



نئی دہلی
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل اور مرکزی ایجنسیوں کی تحقیقات میں ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور ممبئی انڈرورلڈ کے ایک نئے مبینہ دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش ہوا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس پورے ماڈیول کو مبینہ طور پر داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی اور چھوٹا شکیل کے خاص معاون منّا جھگاڑا چلا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق منّا جھگاڑا نے کراچی میں داؤد ابراہیم کے مبینہ ’’وائٹ ہاؤس‘‘ ٹھکانے سے تقریباً چار کلومیٹر دور ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے قریب اپنا محفوظ ٹھکانہ (سیف ہاؤس) بنا رکھا تھا۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ اسی سیف ہاؤس سے ویڈیو کال کے ذریعے ہندوستان میں انڈرورلڈ کی ایک نئی جہادی بریگیڈ تیار کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
تحقیقاتی ایجنسیوں کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جھگاڑا نے اپنے نیٹ ورک کے ارکان کو اپنی حالیہ تصاویر بھی بھیجی تھیں تاکہ اس کی شناخت اور رابطہ برقرار رہے۔
منشیات اور پیسے کے ذریعے بھرتی
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ماڈیول سے وابستہ کئی نوجوان ’’چٹا‘‘ (ہیروئن) کے عادی تھے۔ ان کی اس کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منّا جھگاڑا نے ان کے لیے ہیروئن کا انتظام بھی کروایا۔ ملزمان اور پاکستان میں موجود ان کے مبینہ سرپرستوں کے درمیان ہونے والی چیٹس میں پیسے اور منشیات کی طلب کے واضح اشارے ملے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان میں بڑی وارداتوں کو انجام دینے کے لیے ماڈیول کے ارکان نے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد مبینہ طور پر ٹوکن رقم فراہم کی گئی اور پاکستان سے بھیجے گئے ہتھیار اور ہینڈ گرینیڈ پنجاب کے گرداس پور علاقے میں گرائے گئے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کا ماننا ہے کہ یہ پوری کارروائی منّا جھگاڑا اور آئی ایس آئی کی ہدایات پر کی گئی تھی۔
ممبئی انڈرورلڈ کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش
سکیورٹی ایجنسیوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کی بڑھتی عمر اور ڈی کمپنی کے کمزور ہوتے نیٹ ورک کو دیکھتے ہوئے انڈرورلڈ ایک بار پھر ممبئی میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی حکمت عملی کے تحت پرانے اور قابلِ اعتماد ساتھی منّا جھگاڑا پر بھروسا کیا گیا تھا۔تاہم، ہندوستانی سکیورٹی ایجنسیوں نے اس ماڈیول کو اپنے منصوبوں میں کامیاب ہونے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔
منّا جھگاڑا کو مل سکتی ہے بڑی ذمہ داری
ذرائع کے مطابق ممبئی کے کرلا علاقے کا رہائشی منّا جھگاڑا انڈرورلڈ کی پرانی نسل سے وابستہ رہا ہے اور جرائم کی دنیا میں اس کے پرانے روابط آج بھی سرگرم ہیں۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہ کہ نئے نوجوانوں کو شامل کر کے ڈی کمپنی کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس نیٹ ورک میں شامل بتائے جانے والے حفیظہ جیسے افراد براہِ راست منّا جھگاڑا کے رابطے میں تھے۔
فی الحال ممبئی میں حفیظہ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ایجنسیاں اس پورے نیٹ ورک کی مالی، لاجسٹک اور بین الاقوامی کڑیوں کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہیں۔