نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی آج جمعہ کے روز ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کرنے والے ہیں۔ ایران-اسرائیل جنگ کے درمیان اس میٹنگ کو لے کر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو لاک ڈاؤن لگنے کا خدشہ ظاہر کیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ حکومت شاید لاک ڈاؤن نافذ کر کے لوگوں کو گھروں میں محدود کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 میں بھی میں نے اس لاک ڈاؤن کے خلاف لڑائی لڑی تھی اور میں ہر حالت میں ان کا مقابلہ کر سکتی ہوں۔" وہ 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا حوالہ دے رہی تھیں، جو کورونا کے دوران منعقد ہوئے تھے۔
ایل پی جی بحران پر ممتا بنرجی کا بیان
جمعرات کو ممتا بنرجی ٹی ایم سی امیدوار نریندر ناتھ چکرورتی کے لیے انتخابی مہم کے سلسلے میں بردھمان ضلع پہنچیں، جہاں انہوں نے ایل پی جی سلنڈر کی قلت پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی انہوں نے اس بات کی مخالفت کی تھی کہ ایل پی جی سلنڈر بکنگ کے 35 دن بعد ملتا ہے، جبکہ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ یہ 25 دن میں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے۔ اگر کسی کی گیس پہلے ختم ہو جائے تو وہ 25 دن تک کیا کرے گا؟ لوگوں کو ایک بار پھر پرانے طریقوں پر واپس جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے سے پہلے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت تقریباً 400 روپے تھی، جو اب بڑھ کر تقریباً 1100 روپے ہو چکی ہے۔ پٹرول کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ لوگ دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ کیا بی جے پی عوام کو گھروں میں قید کرنا چاہتی ہے؟ ہم نے 2021 میں پوری طاقت کے ساتھ اس لاک ڈاؤن کے خلاف لڑائی لڑی تھی، اگر ہم تب لڑ سکتے تھے تو آج بھی لڑ سکتے ہیں۔
وزرائے اعلیٰ کے ساتھ وزیر اعظم کی میٹنگ
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جمعہ کو ہونے والی اس ورچوئل میٹنگ میں انتخابی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملک کی کئی ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کے لیے لمبی قطاریں لگنا شروع ہو گئی ہیں۔
چاہے گجرات ہو، اتر پردیش، مدھیہ پردیش یا آسام ہر جگہ لوگ گھبراہٹ میں بڑی مقدار میں خریداری (پینک بائنگ) کرتے نظر آ رہے ہیں۔