لیہہ (لداخ):سماجی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ اور ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز(HIAL) کی سی ای او، گیتانجلی جے انگمو نے جمعرات کو مرکز پر سخت حملہ کرتے ہوئے 24 ستمبر کو یونین ٹیریٹری میں ہوئے تشدد کے بعد لداخ کے عوام پر پولیس کے ظلم و ستم کے الزامات عائد کیے۔انہوں نے موجودہ صورتحال کا موازنہ برطانوی ہندوستان سے کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ لداخ پولیس کا "غلط استعمال" کر رہی ہے۔انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کیا بھارت واقعی آزاد ہے؟ 1857 میں 24 ہزار انگریزوں نے 1 لاکھ 35 ہزار بھارتی سپاہیوں کو استعمال کر کے 30 کروڑ ہندوستانیوں کو ملکہ کے حکم پر دبایا تھا۔ آج ایک درجن منتظمین 2400 لداخی پولیس کو وزارت داخلہ کے حکم پر 3 لاکھ لداخیوں کو دبانے اور اذیت دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
گیتانجلی انگمو کی یہ تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب لیہہ میں کرفیو نافذ ہے اور 24 ستمبر کے تشدد کے بعد پولیس کی فائرنگ بھی ہوئی تھی۔سونم وانگچک کو نیشنل سیکیورٹی ایکٹ(NSA) کے تحت حراست میں لیے جانے کے بعد گیتانجلی انگمو نے اس الزام کو مسترد کیا ہے کہ وانگچک کسی پاکستانی خفیہ ایجنٹ سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے لداخ پولیس پر "ایجنڈے کے ساتھ کام کرنے" کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاڈ ی جی پی جو بھی کہہ رہے ہیں، ان کا ایک ایجنڈا ہے۔ وہ کسی بھی حال میں چھٹے شیڈول کو نافذ نہیں کرنا چاہتے اور کسی کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔اے این آئی سے بات کرتے ہوئے گیتانجلی نے کہا کہ وہ اور وانگچک نے ایک اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کی تھی، جسے ایک پاکستانی میڈیا ادارے نے بھی کور کیا تھا۔
انہوں نے کہا:"یہ بالکل غلط اور جھوٹ ہے، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ایک بیانیہ بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی کو پھنسا دیا جائے۔ جب یو ٹی حکومت چینی ٹیبلیٹس خرید رہی تھی، تب وہ (وانگچک) یہ بات کر رہے تھے کہ چین کا مقابلہ گولی سے نہیں بلکہ بٹوے سے کرنا چاہیے۔ ایسا شخص کیسے ملک دشمن ہو سکتا ہے؟"فروری میں ہم ایک کانفرنس میں گئے تھے جو اقوام متحدہ اور ’ڈان‘ میڈیا نے ماحولیاتی تبدیلی پر منعقد کی تھی۔ اگر بھارت چین کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہے تو کیا کھلاڑی اور کرکٹ ادارے ملک دشمن ہو جائیں گے؟ گلیشیئرز پر کانفرنس، جو بنگلہ دیش سے افغانستان تک تمام ممالک کو پانی فراہم کرتے ہیں... اگر کوئی شخص ایسی کانفرنس میں شریک ہوتا ہے تو کیا وہ آئی ایس آئی ایجنٹ ہو جائے گا؟ اس کے پیچھے کیا ثبوت ہے؟ وہ کہہ رہے ہیں کہ ایک پاکستانی یہاں داخل ہوا ہے، تو اس کا جواب وزارت داخلہ کو دینا چاہیے۔
دریں اثنا، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے زور دیا کہ مرکزی حکومت "لداخ کی تمام امیدوں کو پورا کرنے" کے لیے کام کر رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ "یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا:"وہ (لداخ کے رہنما جو احتجاج کا حصہ تھے) انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، اور موجودہ حالات کے پیش نظر ہم بھی مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکتے ہیں۔ جب ایسا ماحول قائم ہو جائے گا تو ہم بات چیت شروع کریں گے۔ انتظامیہ نے عوام کے مفادات کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی ہے... میں یہاں گزشتہ دو ماہ سے ہوں اور میں نے کوئی ملاقات مسترد نہیں کی۔ لوگ میری بات سنتے ہیں اور حل کی طرف بڑھتے ہیں۔