پٹنہ/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بدھ کے روز کانگریس رہنما راہل گاندھی کے ایودھیا میں رام مندر کے ممکنہ دورے سے متعلق خبروں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ راہل گاندھی وہاں جا کر آشیرواد حاصل کریں گے اور بیرونِ ملک دیے گئے اپنے بیانات پر غور کریں گے۔
پٹنہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ اگر وہ مندر جا رہے ہیں تو کیا وہ بھگوان رام پر کوئی احسان کر رہے ہیں؟ امید ہے کہ انہیں بھگوان رام کا آشیرواد لینے کی سمجھ آئے گی۔ اگر وہ جاتے ہیں تو شاید انہیں یہ احساس ہو جائے کہ بیرونِ ملک سفر کے دوران ملک کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔ ایک دن قبل اتر پردیش کے بارہ بنکی سے کانگریس کے رکنِ پارلیمان تنوج پونیا نے کہا تھا کہ کانگریس ایم پی راہل گاندھی جلد ہی ایودھیا میں رام مندر کا دورہ کریں گے۔
اس سے قبل دن میں گری راج سنگھ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر بھی شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کو پناہ دے رہی ہیں اور ریاست کو بنگلہ دیش میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔
پٹنہ میں اے این آئی سے بات کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی کو پہلے یہ بتانا چاہیے کہ وہ کس کا کالا بیگ تھا جسے وہ ای ڈی کو نہیں دینا چاہتی تھیں۔ وہ بنگلہ دیشیوں کے سہارے بنگال کو بنگلہ دیش بنانا چاہتی ہیں۔ پورے ملک میں جتنے بھی بنگلہ دیشی داخل ہوتے ہیں، وہ بنگال کے راستے آتے ہیں۔ ان سب کے آدھار کارڈ بنگال میں ہی بنتے ہیں۔
ادھر ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی کے کہنے پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے ووٹر لسٹ سے نام حذف کر رہا ہے۔ ہاوڑہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ریاست میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران مبینہ اموات کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج صبح تک 84 افراد کی موت ہو چکی ہے؛ 4 نے خودکشی کی، 17 افراد ایس آئی آر نوٹس ملنے کے بعد برین اسٹروک یا ہارٹ اسٹروک سے جاں بحق ہوئے۔ ان تمام اموات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کو لینی چاہیے۔ بی جے پی کو بھی ان اموات کی ذمہ داری لینی چاہیے؛ یہاں تک کہ دوریودھن اور دُشاسن کو بھی ان اموات کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ بی جے پی کی ہدایات پر اے آئی کے ذریعے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔ ہماری معلومات کے مطابق ایک منصوبہ ہے کہ جھارکھنڈ، بہار اور اڑیسہ سے لوگ یہاں آ کر بنگال میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔