نئی دہلی:ایران میں طویل عرصے سے مقیم سردار لجپال سنگھ آنند نے موجودہ علاقائی بحران کے دوران سکھ برادری کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان جیویر شیرگل کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جیویر شیرگل نے نئی دہلی میں حکام کے سامنے سکھ برادری کے تحفظ کا معاملہ مؤثر انداز میں اٹھایا جس کے بعد حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی واپسی کا انتظام کیا۔سردار لجپال سنگھ آنند نے کہا کہ"واہے گرو جی کا خالصہ۔ واہے گرو جی کی فتح۔ سب سے پہلے میں جیویر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہمیں یہاں لانے میں بہت مدد کی۔
انہوں نے ہماری ہر ممکن مدد کی اور ہر سہولت فراہم کی۔ میں ان کا بے حد شکر گزار ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایران سے سکھ برادری کو واپس لانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے نہ صرف منصوبہ بنایا بلکہ اسے کامیابی سے عملی جامہ بھی پہنایا۔ میں ان کا دل سے شکر گزار ہوں۔"
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان جیویر شیرگل نے کہا کہ ایران میں گزشتہ ایک صدی سے تقریباً 70 سے 100 سکھ خاندان آباد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے ان خاندانوں کی محفوظ واپسی کا معاملہ وزیر اعظم کے دفتر اور وزارت خارجہ کے سامنے اٹھایا تو صرف دو گھنٹوں کے اندر کارروائی شروع کر دی گئی۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ بروقت سفارتی کوششوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم کی بدولت بیشتر سکھ خاندان بحفاظت ہندوستان واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں سکھ برادری موجود ہو وزیر اعظم نریندر مودی مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
ادھر وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھنے کے بعد ایران سے 2557 ہندوستانی شہریوں کو آرمینیا یا آذربائیجان کے راستے محفوظ طور پر نکال کر ہندوستان واپس لایا گیا۔انہوں نے ایوان بالا میں تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ فروری 2026 میں مغربی ایشیا میں کشیدگی شروع ہونے کے بعد تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایران سے ہندوستانی شہریوں کی سرحد پار منتقلی میں سہولت فراہم کی تاکہ وہ آرمینیا اور آذربائیجان کے راستے وطن واپس آ سکیں۔کیرتی وردھن سنگھ نے مزید بتایا کہ حکومت کے اندازے کے مطابق اس وقت بھی تقریباً 7000 ہندوستانی شہری ایران میں موجود ہیں۔ ان میں دینی مدارس کے طلبہ۔ میڈیکل کے طلبہ۔ مزدور۔ بحری کارکن اور ماہی گیر شامل ہیں۔