نئی دہلی: ایران کے صدر مسعود پزشکیان جمعہ کو نئی دہلی پہنچ گئے جہاں وہ 18ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ایرانی صدر آج ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی کریں گے۔
تہران سے روانگی سے قبل صدر پزشکیان نے کہا تھا کہ برکس کا مقصد یک طرفہ پسندی کا مقابلہ کرنا ہے اور موجودہ سربراہی اجلاس کا نعرہ بھی اسی مقصد کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی مسائل پیچیدہ ہیں اور دنیا میں بالادستی اور یک طرفہ پسندی کو کم کرنے کے لیے نئے طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ہندوستان روانگی سے قبل صدر پزشکیان نے برکس سربراہی اجلاس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آزادی یکجہتی پائیداری مزاحمت اور جدت سربراہی اجلاس کے اہم موضوعات ہیں۔ اجلاس میں اقتصادی مالی صنعتی اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ برکس کے دائرہ کار میں ایک خصوصی بینک قائم کیا گیا ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری متوقع ہے تاکہ رکن ممالک کے درمیان لین دین ڈالر پر انحصار کے بغیر انجام دیا جاسکے۔ ان کے مطابق اس سے ڈالر کے ذریعے امریکی بالادستی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
صدر پزشکیان اس سے قبل بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرچکے ہیں۔ جمعہ کو ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں دونوں رہنما ایران اور ہندوستان کے دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون کے شعبوں کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ برکس سربراہی اجلاس میں ایران کی شرکت چین روس برازیل ہندوستان اور دیگر ممالک کے حکام سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کا ایک اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے شعبوں کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل بشکیک میں ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ انہوں نے برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیر ملکی تنظیموں میں ایران کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے ہندوستان کی آمادگی ظاہر کی تھی۔
وزیر اعظم مودی نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارتی راستوں کو وسعت دینے اور انہیں متنوع بنانے کے ہندوستان کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا تھا۔
ہندوستان 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کررہا ہے۔ ہندوستان کی صدارت کا مرکزی موضوع ’’لچک مضبوطی جدت تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ ہے جس میں ترقی پائیداری اور جدت کو بنیادی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
برکس بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے درمیان تعاون اور عالمی اداروں میں عالمی جنوب کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس کے ایجنڈے میں ترقی مالی امور ٹیکنالوجی تجارت اور عوامی سطح پر روابط سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔
برکس میں اس وقت 11 ممالک برازیل چین مصر ایتھوپیا ہندوستان انڈونیشیا ایران روس سعودی عرب جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
ہندوستان کی 2026 کی برکس صدارت سے متعلق معلومات کے مطابق رکن ممالک مجموعی طور پر دنیا کی تقریباً 49.5 فیصد آبادی 40 فیصد عالمی مجموعی قومی پیداوار اور عالمی تجارت کا 26 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔
ہندوستان کی برکس صدارت ایسے وقت میں ہورہی ہے جب دنیا کو معاشی تقسیم ٹیکنالوجی میں تیز رفتار تبدیلی جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال موسمیاتی تبدیلی اور وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
توسیع شدہ برکس ترقی موسمیاتی اقدامات ٹیکنالوجی توانائی اور مالی استحکام کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور عالمی اداروں میں اصلاحات سے متعلق مباحث کو بھی آگے بڑھاتا ہے۔
ہندوستان کے لیے 2026 کی برکس صدارت کا مقصد برکس کی وسیع نمائندگی کو بامعنی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے اور موجودہ طریقہ کار کی مؤثریت کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔