برکس اجلاس : نظامی پور کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2026
برکس اجلاس :  نظامی پور کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات
برکس اجلاس : نظامی پور کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات

 



نئی دہلی۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری غدیر نظامی پور نے برکس ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کے سولہویں اجلاس کے اختتام کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ ایرانی سفارت خانے نے بدھ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ غدیر نظامی پور نے منگل کی شام وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات برکس رکن ممالک کے سلامتی اداروں کے سربراہان اور قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس کے بعد ہوئی۔

اس سے قبل غدیر نظامی پور نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بھی ملاقات کی تھی۔ برکس اجلاس کی صدارت اجیت دوول نے کی تھی جس میں رکن ممالک کے سلامتی امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا برکس قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس کے دوران ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کشیدگی بھی نمایاں رہی۔ ایرانی وفد نے متحدہ عرب امارات پر الزام عائد کیا کہ اس نے ایران کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائیوں میں براہ راست کردار ادا کیا اور اپنی سرزمین کو حملوں کے لئے استعمال ہونے دیا۔

ایرانی سفارت خانے کے مطابق غدیر نظامی پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے نمائندے کی جانب سے ایران پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں حالیہ بحران اور کشیدگی کے ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہیں اور دنیا نے یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بعض حملے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر موجود اڈوں سے کئے گئے۔ ان کے مطابق متحدہ عرب امارات نے نہ صرف ان کارروائیوں کی مذمت نہیں کی بلکہ براہ راست جارحیت میں شریک رہا اور اپنی سرزمین کو ایران کے شہری ڈھانچے۔ اسکولوں اور اسپتالوں پر حملوں کے لئے استعمال ہونے دیا۔

غدیر نظامی پور نے متحدہ عرب امارات کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام اور امن کے لئے ضروری ہے کہ اشتعال انگیزی اور پروپیگنڈے کی سیاست سے گریز کیا جائے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی ایشیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں فریق ابتدائی تکنیکی مذاکرات کے بعد ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے اور ساٹھ روز کے اندر حتمی معاہدے کے لئے روڈ میپ تیار کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔