ایران نے زیر زمین میزائلوں کی اکثریت کو دوبارہ کھول دیا: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-06-2026
ایران نے زیر زمین میزائلوں کی اکثریت کو دوبارہ کھول دیا: رپورٹ
ایران نے زیر زمین میزائلوں کی اکثریت کو دوبارہ کھول دیا: رپورٹ

 



واشنگٹن
سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے کئی ماہ تک جاری کھدائی اور مرمتی کام کے بعد اپنے زیرِ زمین میزائل انفراسٹرکچر کے ایک بڑے حصے تک دوبارہ رسائی حاصل کر لی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی بمباری کی حکمتِ عملی کی اپنی حدود تھیں۔ اس حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد سرنگوں کے داخلی راستوں کو بند کر کے ایران کی رسائی محدود کرنا تھا۔
سی این این کی جانب سے جائزہ لی گئی سیٹلائٹ تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ ایرانی افواج نے 18 زیرِ زمین میزائل تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران نشانہ بنائے گئے 69 سرنگی داخلی راستوں میں سے 50 کو دوبارہ کھول لیا ہے۔ ان حملوں کا مقصد سڑکوں کو تباہ کر کے اور اہم سرنگی راستوں کو ملبے تلے دبا کر تہران کی میزائل ذخائر تک رسائی محدود کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے ملبہ ہٹانے اور تنصیبات تک دوبارہ رسائی بحال کرنے کے لیے نسبتاً سادہ تعمیراتی مشینری، جیسے بلڈوزر اور ڈمپر ٹرک، استعمال کیے۔ یہ کام اس کے باوجود جاری رہا کہ تنازع کے دوران کھدائی میں استعمال ہونے والے آلات کو بار بار نشانہ بنایا گیا۔
ماہرین نے سی این این کو بتایا کہ ان پیش رفتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کی میزائل صلاحیتیں توقعات سے کہیں زیادہ مضبوط اور پائیدار ہیں۔ سیم لائر نے کہا کہ اگرچہ میزائلوں کی پیداوار رک بھی جائے، ایران اس وقت تک میزائل داغنے کی پوزیشن میں رہے گا جب تک اس کے پاس لانچر اور عملہ موجود ہے۔ ایرانیوں کے پاس اب بھی میزائلوں کا بڑا ذخیرہ موجود ہے اور ان لانچرز کو مسلح کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
سی این این کے مطابق، اگرچہ لڑائی کے دوران ایران کی جانب سے میزائل داغنے کی شرح میں نمایاں کمی آئی، لیکن تہران نے اہم تنصیبات تک رسائی بحال کرتے ہوئے پورے تنازع کے دوران میزائل فائر کرنا جاری رکھا۔ سات ہفتوں سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی کے بعد کھدائی اور مرمت کے کام میں مزید تیزی آ گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی مرمت کر لی ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر بموں سے بننے والے گڑھے بھر دیے گئے ہیں اور بعض مقامات پر سڑکوں کو دوبارہ تعمیر بھی کیا گیا ہے۔سام لیئر کے مطابق، اس مہم نے عسکری اور تزویراتی کامیابی کے درمیان فرق کو واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج تاکتیکی کامیابیاں حاصل کرنے میں مہارت رکھتی ہے، اور ایرانی میزائل فورس کو دبانا اور سرنگوں میں محدود کرنا اس کی ایک مثال ہے۔ تاہم اگر اس کے ساتھ واضح تزویراتی اہداف اور کامیابی کا قابلِ عمل منصوبہ موجود نہ ہو تو یہ بالآخر تزویراتی ناکامی میں بدل سکتا ہے۔
سی این این نے مزید رپورٹ کیا کہ ایران اور امریکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایک ابتدائی معاہدے تک پہنچ چکے ہیں، تاہم اس پر عمل درآمد کے حوالے سے مذاکرات ابھی جاری ہیں۔تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر دوبارہ کشیدگی یا لڑائی شروع ہوتی ہے تو ماضی میں اس کے میزائل ذخیرے کو کمزور کرنے کی کوششوں کے باوجود تہران کے پاس خاطر خواہ میزائل داغنے کی صلاحیت برقرار رہ سکتی ہے۔
سی این این کی رپورٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ترجمان  سین پرنیل نے اس مخصوص جائزے پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے اپنے سابقہ بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور اس کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جن کی اسے صدر کی جانب سے مقرر کردہ وقت اور مقام پر کارروائی کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔