منی لانڈرنگ معاملے میں عمرعبداللہ سے پوچھ تاچھ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
منی لانڈرنگ معاملے میں عمرعبداللہ سے پوچھ تاچھ
منی لانڈرنگ معاملے میں عمرعبداللہ سے پوچھ تاچھ

 

 

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے 12 سال پرانے جموں و کشمیر بینک منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پوچھ گچھ کی۔ 5 گھنٹے تک جاری رہنے والی پوچھ گچھ کے بعد عبداللہ نے کہا – میں اس معاملے میں ملزم نہیں ہوں۔ جب بھی ای ڈی کو ضرورت ہو میں مدد کروں گا۔

یہاں عبداللہ کی پارٹی نیشنل کانفرنس نے انہیں رمضان کے مہینے میں بلانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ای ڈی کے اس اقدام کو مرکز کی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ای ڈی نے سابق وزیر اعلیٰ کو رمضان کے مقدس مہینے میں بلا کر ان کی توہین کی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے لیڈروں نے کہا کہ حکومت مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا مسلسل غلط استعمال کر رہی ہے۔ معلومات کے مطابق یہ معاملہ 2010 میں ممبئی کے باندرا کرلا میں 180 کروڑ روپے میں عمارت خریدنے سے متعلق ہے۔

ریاست کے اس وقت کے وزیر خزانہ حسیب درابو، اس کے چیئرمین تھے۔ عمر نے بتایا کہ 2012 میں ممبئی میں اس عمارت کے لیے درابو کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور ان کی سفارش کی بنیاد پر عمارت کی خریداری کی منظوری دی گئی تھی۔ بینک میں اس وقت کے جے اینڈ کے چیف منسٹر کا کردار اس کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری تک محدود تھا۔

قواعد سے آگاہ بینک کے افسران نے کہا کہ بینک کے روزمرہ کے کاموں میں وزیر اعلیٰ کا کوئی کردار نہیں ہے۔ 2019 میں، جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے اس معاملے کے سلسلے میں بینک اور اس کے ملازمین کے خلاف رپورٹ درج کی تھی۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ پر الزام تھا کہ انہوں نے 109 کروڑ روپے میں بینک کے ذریعے 42,000 مربع فٹ کی جائیداد خریدنے کی منظوری دی تھی۔

پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ کسی بھی ریاست میں جہاں انتخابات ہونے والے ہیں، سرکاری ایجنسیاں جیسے ای ڈی، سی بی آئی، این آئی اے، این سی بی آگے بڑھ کر ان پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہیں جو بی جے پی کو چیلنج کرتی ہیں۔

مرکزی حکومت آئندہ یونین ٹیریٹری انتخابات کے ممکنہ اعلان سے پہلے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سے بی جے پی کو زیادہ فائدہ نہیں ہوگا اور لوگ نیشنل کانفرنس کی بھرپور حمایت کریں گے۔