مساجد اور مدارس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں: ایم پی ارون گوول

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-12-2025
مساجد اور مدارس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں: ایم پی ارون گوول
مساجد اور مدارس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں: ایم پی ارون گوول

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ ارون گوول نے جمعرات کے روز مطالبہ کیا کہ مساجد اور مدارس میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں کیونکہ یہ بھی بڑے عوامی اور سماجی مقامات ہیں جہاں سیکیورٹی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
لوک سبھا میں وقفۂ صفر کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں مندروں، گرجا گھروں، گردواروں، کالجوں، اسپتالوں، بازاروں اور زیادہ تر عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں۔
گوول نے کہا کہ یہ کیمرے شفافیت، سیکیورٹی اور جرائم کی روک تھام میں انتہائی مؤثر ثابت ہوئے ہیں، "لیکن مساجد اور مدارس میں ابھی تک یہ نظام نافذ نہیں کیا گیا" جبکہ یہ بھی اہم عوامی و سماجی مقامات ہیں جہاں سیکیورٹی اتنی ہی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے جائے پیدائش سعودی عرب کے مکہ میں بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مساجد اور مدارس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اگر وہاں سیکیورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے یہ نظام نافذ ہو سکتا ہے تو ہندوستان میں یکساں سیکیورٹی معیارات نافذ کرنے میں ہچکچاہٹ کیوں؟
ارون گوول نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مساجد اور مدارس میں بھی مندروں، اسکولوں، گرجا گھروں اور دیگر عوامی مقامات کی طرح سی سی ٹی وی کیمرے لازمی کرنے کے لیے ایک یکساں قومی سیکیورٹی پالیسی تشکیل دینے پر غور کیا جائے۔بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ قدم کسی مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ ملک کے 40 کروڑ شہریوں کی حفاظت کے مفاد میں ہوگا۔انہوں نے کہا، "اس سے ہمارا قومی سیکیورٹی نظام مزید مضبوط ہوگا۔