اندور
اندور کے اسکیما نمبر 136 علاقے میں ایک رہائشی عمارت کے نچلے حصے میں واقع الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے شوروم میں جمعہ کی صبح ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی۔اگرچہ اس واقعے میں املاک کو بھاری نقصان پہنچا، تاہم رہائشیوں اور پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق آگ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے ’’کائنیٹک‘‘ ای وی شوروم میں لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے گھنا دھواں عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیل گیا، جہاں کئی خاندان سو رہے تھے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی رہائشیوں اور پولیس اہلکاروں نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پڑوسی عمارتوں سے لکڑی کی سیڑھیاں اور رسیاں لا کر بالکونیوں اور چھت پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا گیا۔رہائشی کرشنا شرما نے بتایا کہ ہم سو رہے تھے کہ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ جب ہم نے باہر نکلنے کے لیے فلیٹ کا دروازہ کھولا تو پورا راہداری دھوئیں سے بھرا ہوا تھا۔ ہمیں چہرے کپڑے سے ڈھانپ کر باہر بھاگنا پڑا۔ عمارت میں صرف ایک ہی راستہ تھا۔ پینٹ ہاؤس میں موجود ایک خاندان کو پولیس نے چھت کے راستے بچایا۔ عمارت میں آگ سے بچاؤ کے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔
ایک اور رہائشی دیپک دوبے نے کہا کہ پڑوسیوں نے ہمیں جگایا۔ باہر نکلتے وقت ہم نے دوسرے فلیٹس کے دروازے بھی کھٹکھٹائے تاکہ سوئے ہوئے خاندانوں کو خبردار کیا جا سکے۔
امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے پڑوسی پروین نے بتایا کہ تقریباً 15 سے 20 افراد عمارت میں پھنسے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سب کو باہر نکال لیا۔ ایک خاتون دھوئیں کے باعث بے ہوش ہو گئی تھیں، جنہیں اٹھا کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
لاسودیا پولیس تھانے کے کانسٹیبل نریندر منڈیلیا نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی منزل کی منڈیر پر پھنسے ایک خاندان کو بچایا۔انہوں نے بتایا کہ جب میں موقع پر پہنچا تو تین افراد چوتھی منزل کی بالکونی میں پھنسے ہوئے تھے۔ میں پڑوسی عمارت میں گیا اور لکڑی کی سیڑھی اور رسی کی مدد سے انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم کچھ ہی دیر بعد موقع پر پہنچ گئی اور تقریباً 15 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا۔فائر بریگیڈ کے سب انسپکٹر بی ایس ہوڈا نے کہا، ’’ہم دو فائر ٹینڈرز کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ تقریباً سات سے آٹھ افراد کو بچایا گیا۔ آگ صرف شوروم تک محدود رہی اور اوپری منزلوں کے فلیٹس تک نہیں پہنچی۔ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
عمارت اور کائنیٹک ای وی شوروم کے مالک ہرش اگروال نے اندازہ ظاہر کیا کہ اس حادثے میں تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے مقامی کونسلر کا فون آیا تھا۔ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ یا بیٹری میں خرابی ہو سکتی ہے۔ اگرچہ عمارت میں فائر سیفٹی کا سامان موجود تھا، لیکن آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث اسے بروقت استعمال نہیں کیا جا سکا۔
پینٹ ہاؤس میں اپنی اہلیہ سیما اور 10 سالہ بیٹی نشا کے ساتھ رہنے والے بھانُو سنگھ نے اپنی جان بچنے کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ سیڑھیاں دھوئیں سے بھر گئی تھیں، اس لیے ہم کھڑکی کی منڈیر پر کھڑے ہو گئے۔ خوش قسمتی سے پڑوسیوں اور پولیس نے ساتھ والی عمارت سے سیڑھی اور رسی لا کر ہمیں بحفاظت نکال لیا۔