اندرا گاندھی نے کوئی پارٹی نہیں توڑی: سنجے راوت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
اندرا گاندھی نے کوئی پارٹی نہیں توڑی: سنجے راوت
اندرا گاندھی نے کوئی پارٹی نہیں توڑی: سنجے راوت

 



ممبئی
شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کو ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا اور بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے کبھی کسی سیاسی جماعت کو نہیں توڑا تھا۔ان کا یہ تبصرہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ این سی ای آر ٹی نے جماعت نہم کی ایک نصابی کتاب میں 1975 کی ایمرجنسی سے متعلق ایک باب شامل کیا ہے۔
پارٹی توڑنے سے متعلق یہ طنزیہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ادھو ٹھاکرے دھڑے کے لوک سبھا کے نو میں سے چھ ارکانِ پارلیمنٹ شیو سینا میں شامل ہو گئے ہیں۔ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے راوت نے دعویٰ کیا کہ ملک گزشتہ 12 برس سے ایک طرح کی ایمرجنسی کے دور سے گزر رہا ہے۔1975 کی ایمرجنسی کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین میں ایمرجنسی کے نفاذ کی واضح گنجائش موجود ہے۔
راوت نے کہا کہ اس ملک میں گزشتہ 12 سال سے ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے۔ اندرا گاندھی نے نہ کوئی سیاسی جماعت توڑی تھی اور نہ ہی آئین کو ختم کیا تھا۔ ایمرجنسی صرف مطالعے کا موضوع نہیں بلکہ اس کی گنجائش خود آئین میں موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک میں بدامنی پھیل جائے تو آئین میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی شق موجود ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آئین کا احترام نہ کیا جائے۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ نوٹ بندی کیوں نافذ کی گئی تھی؟ کووڈ-19 وبا کے دوران سخت پابندیاں اور ہنگامی اقدامات کیوں کیے گئے تھے؟ بالا صاحب ٹھاکرے نے بھی ایمرجنسی کی حمایت کی تھی۔ اگر کوئی حکومت کے احکامات نہ ماننے یا وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف فوج کو بغاوت پر اکسانے کی بات کرے تو آپ کیا کریں گے؟
راجیہ سبھا کے رکن راوت نے مزید کہا کہ ایمرجنسی سے متعلق بحث کو صرف سیاسی تناظر میں نہیں بلکہ آئینی تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔دریں اثنا، این سی ای آر ٹی نے جماعت نہم کی سماجی علوم کی نئی کتاب "انڈرسٹینڈنگ سوسائٹی: انڈیا اینڈ بیونڈ" میں ایمرجنسی کے موضوع کو شامل کیا ہے۔
کتاب میں ایمرجنسی کو ہندوستانی جمہوریت کو درپیش "بڑے چیلنجز میں سے ایک" قرار دیا گیا ہے، کیونکہ اس دوران بیشتر بنیادی حقوق معطل کر دیے گئے تھے۔ایمرجنسی کا ذکر اس باب میں کیا گیا ہے جس میں ہندوستانی جمہوریت کی طاقتوں اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا ہے۔دوسری جانب راجستھان سے کانگریس کے رکنِ اسمبلی سچن پائلٹ نے بھی اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اسے تاریخ کو اپنے انداز میں پیش کرنے کی کوشش قرار دیا۔انہوں نے مرکز پر عدلیہ، بیوروکریسی اور الیکشن کمیشن سمیت مختلف اداروں کے غلط استعمال کا الزام بھی عائد کیا۔
سچن پائلٹ نے کہا کہ جب بھی بی جے پی کسی ریاست یا مرکز میں اقتدار میں آتی ہے تو وہ تاریخ کو اپنے نقطۂ نظر کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں جمہوریت کو اس طرح کے چیلنجز پہلے کبھی درپیش نہیں آئے۔ جس طرح سوشل میڈیا، ذرائع ابلاغ، عدلیہ، بیوروکریسی اور الیکشن کمیشن کے ذریعے آوازوں کو دبایا جا رہا ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی حکومت ان اداروں کا اس حد تک استعمال کر رہی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ این ڈی اے حکومت 25 جون کو ایمرجنسی کے اعلان کی سالگرہ "سمویدھان ہتیا دیوس" (آئین قتل دن) کے طور پر منا رہی ہے۔