انڈیگو کی اب تک 2,000 سے زیادہ پروازیں منسوخ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-12-2025
انڈیگو کی اب تک 2,000 سے زیادہ پروازیں منسوخ
انڈیگو کی اب تک 2,000 سے زیادہ پروازیں منسوخ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک بھر کے مسافروں کے لیے انڈیگو ایئرلائنز کا بحران اب بھی سنگین بنا ہوا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں اچانک پروازیں منسوخ ہونے اور تاخیر کی خبروں نے ہوائی سفر کو مشکل بنا دیا ہے۔ یہ بحران خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے پریشان کن رہا جو بزنس ٹرپ یا گھر واپسی کے لیے سفر کر رہے تھے۔ اب تک 2000 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور حالات ابھی تک معمول پر نہیں آئے ہیں۔ مسافر ایئرلائن اور حکومت کے اُن اقدامات کے انتظار میں ہیں، جن سے آپریشن دوبارہ صحیح رفتار پکڑ سکے۔
یہ بحران 1 نومبر 2025 کو اُس وقت شروع ہوا جب ڈی جی سی اے نے نئے فلائٹ ڈیوٹی وقت کی حدود قواعد نافذ کیے۔ ان قواعد کے تحت پائلٹ اور کریو کے لیے ہفتہ وار آرام کو بڑھا کر 48 گھنٹے کر دیا گیا۔ ساتھ ہی رات میں پروازوں اور لینڈنگ پر نئی پابندیاں عائد کی گئیں اور “نائٹ” اوقات میں بھی توسیع کر دی گئی۔ یہ قوانین پائلٹوں کی تھکان کم کرنے اور پروازوں کو محفوظ بنانے کے لیے بنائے گئے تھے۔
لیکن نئے قواعد نافذ ہوتے ہی انڈیگو کے لیے مسائل بڑھ گئے۔ ایئرلائن کو اپنے کریو کا نیا شیڈول ترتیب دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر رات اور ویک اینڈ کی شفٹوں میں پائلٹ اور کریو کی کمی نے آپریشن کو متاثر کیا۔ انڈیگو جیسی ایئرلائن، جو ملک بھر میں رات دن پروازیں چلاتی ہے، کے لیے نئے قواعد کو فوراً نافذ کرنا آسان نہیں تھا۔
۔3 اور 4 دسمبر 2025 کو دہلی، ممبئی، بینگلورو اور دیگر بڑے ہوائی اڈوں سے سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ مسافروں کو لمبی قطاروں، غیر یقینی صورتحال اور تاخیر جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رات کے وقت بھی ایئرپورٹس پر رش بڑھ گیا کیونکہ کئی مسافر اگلے اپڈیٹ کا انتظار کر رہے تھے۔ احمدآباد ایئرپورٹ پر حالت سب سے زیادہ خراب رہے، جہاں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان سات آنے والی اور بارہ روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ مجموعی طور پر 19 پروازیں متاثر ہوئیں۔
اس صورتحال میں  ڈی جے اے سی نے 5 دسمبر 2025 کو کچھ نرمی دی۔ انہوں نے ہفتہ وار آرام کی جگہ چھٹی کی شرط کو ہٹا دیا اور پائلٹوں کے لیے رات کی ڈیوٹی اور نائٹ لینڈنگ سے متعلق پابندیوں میں چھوٹ دے دی۔ اس کا اثر جلد ہی نظر آنے لگا اور انڈیگو کا آپریشن بتدریج معمول پر آنے لگا۔ ایئرلائن نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ پروازوں کا شیڈول جلد معمول پر آ جائے گا۔ حکومت نے انڈیگو ایئرلائنز کی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مسافروں کی مدد کے لیے ریلوے نے بھی اقدامات کیے۔
ناردرن ریلوے نے جموں–دہلی راجدھانی ایکسپریس میں اگلے سات دن کے لیے ایک اضافی تھرڈ اے سی کوچ شامل کیا تاکہ مسافروں کو سیٹ بک کرنے میں آسانی ہو سکے۔ اس کے علاوہ ویسٹ ریلوے نے سابرمتھی–دہلی جنکشن کے درمیان ٹریک آن ڈیمانڈ  کے تحت سپرفاسٹ اسپیشل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا۔ یہ ٹرین 7 اور 9 دسمبر کو سابرمتھی سے رات 10:55 پر جبکہ 8 اور 10 دسمبر کو دہلی سے رات 9 بجے روانہ ہوگی۔ اس کا ٹھہراؤ مہسانہ، پالانپور، آبورَوڑ، اجمیر، جے پور، الور، ریواڑی، گڑگاؤں اور دہلی کینٹ پر ہوگا۔ ٹرین میں اے سی تھری ٹائر کوچ لگائے گئے ہیں۔
انڈیگو کے بحران کی اصل وجہ کریو کی کمی، سردیوں میں بڑھتی پروازوں کی تعداد اور نئے قواعد کا ایک ساتھ نافذ ہونا تھا۔ ایئرلائن بروقت کافی پائلٹ یا اضافی کریو کا انتظام نہیں کر سکی، جس سے آپریشن متاثر ہوا۔ ڈی جی سی اے  نے 5 دسمبر کو فوری طور پر کچھ سخت قوانین میں نرمی دی اور انڈیگو کو پائلٹوں کی نائٹ ڈیوٹی شیڈولنگ اور “چھٹی کے بدلے ہفتہ وار آرام” میں رعایت دے دی۔
دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی۔ اس میں مسافروں سے کہا گیا کہ گھر سے روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ سوشل میڈیا اور ویب سائٹ پر مسلسل اپڈیٹس دیے جا رہے ہیں۔
اب ایئرلائن بتدریج معمول کے آپریشن کی طرف لوٹ رہی ہے۔ ڈی جی سی اےاور انڈیگو مل کر آپریشن کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے۔ تاہم مسافروں کو ابھی بھی اپنی پروازوں کی صورتحال پر نظر رکھنی ہوگی۔ ایئرلائن نے مسافروں سے ہونے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی تمام پروازیں معمول پر آ جائیں گی۔
انڈیگو کے نئے قواعد پائلٹوں کی حفاظت کے لیے ضروری تھے، لیکن درست وقت پر نافذ نہ ہونے اور مناسب تیاری نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات اٹھانی پڑیں۔ ریلوے اور ایئرلائن دونوں مل کر مسافروں کو متبادل سہولتیں فراہم کر رہے ہیں تاکہ کسی کا سفر متاثر نہ ہو۔ اب صورتحال بتدریج بہتر ہوتی دکھائی دے رہی ہے، اور امید ہے کہ چند دنوں میں انڈیگو کی پروازیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی