انڈیگوبحران: دہلی، حیدرآباد، بنگلورو، احمد آباد پر بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی
نئی دہلی/ آواز دی وائس
پورے ہندوستان میں ہوائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے، کیونکہ پیر کے روز انڈیگو کی پروازوں میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوا، اور ملک کے مختلف بڑے ہوائی اڈوں پر وسیع پیمانے پر پروازیں منسوخ کی گئیں۔
احمد آباد ایئرپورٹ نے صبح 8 بجے تک انڈیگو کی 18 پروازوں کی منسوخی کی اطلاع دی، جن میں نو آمد اور نو روانگیاں شامل تھیں۔ تاہم، ایئرپورٹ حکام نے تصدیق کی کہ ٹرمینل اور ایئر سائیڈ آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں اور مسافروں کی سہولت کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ اس دوران 21 انڈیگو پروازیں آپریٹ ہوئیں، جن میں سات آمد اور 14 روانگیاں شامل تھیں۔
بنگلورو کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 127 انڈیگو پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں 65 آمد اور 62 روانگیاں متاثر ہوئیں۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی شدید اثر دیکھا گیا، جہاں آج تک انڈیگو کی 77 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 38 آمد اور 39 روانگیاں منسوخ ہوئیں۔
اسی دوران دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آج اب تک سب سے زیادہ منسوخیاں درج کیں، جہاں 75 روانگیاں اور 59 آمد یعنی مجموعی طور پر 134 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
دوسری جانب، چنئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، گجرات کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ احمد آباد، اور آسام کے لوک پریہ گویندہ بوردولئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی مسافر ٹرمینل کے اندر ہی پھنسے رہے اور اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کا انتظار کرتے رہے۔ جیپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی انڈیگو کی متعدد منسوخ پروازوں کی اطلاع دی، جن میں حیدرآباد، چنئی اور دہلی جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ تاہم ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ صورتِ حال پُرسکون رہی اور مسافروں کی جانب سے کوئی بڑی مشکل رپورٹ نہیں ہوئی۔
آج صبح، ملک کے مختلف بڑے ہوائی اڈوں پر انڈیگو کی پروازوں میں تاخیر اور منسوخیوں کا سلسلہ جاری رہنے کے درمیان، دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک تازہ مشاورتی ہدایت جاری کی جس میں مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی صورتِ حال چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
دہلی ایئرپورٹ کی جانب سے جاری مسافر ہدایت میں کہا گیاکہ انڈیگو کی پروازوں میں تاخیر کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتِ حال اپنی ایئرلائن سے ضرور چیک کریں۔
مزید کہا گیا کہ ہمارے عملے کی ٹیمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ خلل کو کم سے کم کیا جا سکے اور سفر کو مزید آسان بنایا جا سکے۔ اگر آپ کو کسی مدد، بشمول طبی امداد، کی ضرورت ہو تو معلوماتی ڈیسک پر تشریف لائیں، جہاں عملہ آپ کی مدد کے لیے موجود ہے۔ ہدایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے میٹرو سروسز، بسیں اور کیب سمیت مختلف پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظامات دستیاب ہیں، تاکہ موجودہ صورتحال کے دوران آمدورفت آسان رہے۔