نئی دہلی۔ وزارت خارجہ میں مملکتی وزیر کیرتی وردھن سنگھ نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ مغربی ایشیا میں فروری 2026 سے جاری کشیدگی کے بعد ایران سے 2557 ہندوستانی شہریوں کو آرمینیا یا آذربائیجان کے راستے محفوظ طریقے سے نکال کر وطن واپس بھیجا گیا۔
راجیہ سبھا میں مغربی ایشیا میں ایران۔ امریکہ اور خلیجی خطے کے درمیان کشیدگی کے دوران ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے متعلق مختلف سوالات کے تحریری جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایران سے پڑوسی ممالک تک شہریوں کی سرحد پار منتقلی میں سہولت فراہم کی تاکہ انہیں وطن واپس لایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ فروری 2026 میں مغربی ایشیا میں کشیدگی شروع ہونے کے بعد تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے 2557 ہندوستانی شہریوں کو ایران سے آرمینیا اور آذربائیجان منتقل کرنے میں مدد فراہم کی جہاں سے انہیں ہندوستان واپس بھیجا گیا۔کیرتی وردھن سنگھ نے بتایا کہ حکومت کے اندازے کے مطابق اس وقت بھی تقریباً 7000 ہندوستانی شہری ایران میں موجود ہیں جن میں دینی مدارس کے طلبہ۔ میڈیکل کے طلبہ۔ مزدور۔ سمندری جہازوں کے عملے کے ارکان اور ماہی گیر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایران میں سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کے مطابق وقتاً فوقتاً ہندوستانی شہریوں کے لیے ضروری ہدایات جاری کرتی رہی ہے۔
وزیر نے بتایا کہ تہران میں ہندوستانی سفارت خانے نے بحران کے دوران شہریوں کی مدد اور مسلسل رابطے کے لیے چوبیس گھنٹے فعال ہنگامی ہیلپ لائن اور برقی ڈاک کی سہولت بھی قائم رکھی۔19 جولائی کو جاری تازہ ترین ہدایت میں حکومت نے ایران میں موجود ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا تھا کہ اگر ممکن ہو تو دستیاب پروازوں کے ذریعے عارضی طور پر ملک سے باہر چلے جائیں۔ اسی کے ساتھ ایران کا سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کو بھی حالات بہتر ہونے تک اپنا سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ایران میں کشیدگی کے باعث واپس آنے والے ہندوستانی میڈیکل طلبہ کے بارے میں وزیر نے کہا کہ حکومت نے یہ معاملہ ایرانی حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور متاثرہ طلبہ کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے مختلف امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے دوران ہندوستان نے سفارتی سطح پر بھی مسلسل سرگرم کردار ادا کیا ہے اور حکومت خطے کے ممالک اور عالمی شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں رہی ہے۔
کیرتی وردھن سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ تنازع کا پائیدار اور پرامن حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملے پر مختلف عالمی رہنماؤں سے بات چیت کی جبکہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بھی خطے اور دیگر ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔
وزیر نے کہا کہ ہندوستان نے آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف سمندری آمد و رفت کی بلا رکاوٹ آزادی اور توانائی و تجارت کی محفوظ نقل و حرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ہندوستان کے تزویراتی اور اقتصادی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی سلامتی برقرار رہے۔توانائی کے تحفظ کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ حکومت نے توانائی اور کھاد کی درآمدات کے ذرائع کو متنوع بنایا ہے اور ملک کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ کے لیے تزویراتی پٹرولیم ذخائر کو بھی مضبوط کیا ہے۔
یرتی وردھن سنگھ نے پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ تنازع سے متاثرہ ممالک میں موجود ہندوستانی سفارت خانوں نے چوبیس گھنٹے ہنگامی ہیلپ لائنیں چلائیں۔ مقامی حکام کے ساتھ رابطہ رکھا۔ شہریوں کی منتقلی کے انتظامات کیے۔ سفری دستاویزات کی فراہمی میں مدد دی اور دیگر ہنگامی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا۔ کا ریپڈ رسپانس سیل سمیت کثیر سطحی بحرانی انتظامی نظام اب بھی بیرون ملک ہنگامی حالات میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے انخلا اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور رابطہ کاری کر رہا ہے۔